ٹنڈو محمد خان پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے زیرِ اہتمام معرکہ حق آپریشن بنیان مرصوص کی فتح کی خوشی میں ریلی کا انعقاد

بدھ 6 مئی 2026 17:50

ٹنڈو محمد خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2026ء) ٹنڈو محمد خان پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے زیرِ اہتمام معرکہ حق آپریشن بنیان مرصوص کی فتح کی خوشی میں ایک شاندار ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی اے سی آفس ٹنڈو محمد خان سے شروع ہوئی، جس میں ڈی ایس پی سی آئی اے ٹنڈو محمد خان سید منصب علی شاہ، ایس ایچ او، انچارج 15 مددگار، انچارج ڈی آئی بی، راجا نثار میمن (ڈی ای او ایجوکیشن)، اے سی ٹنڈو غلام حیدر، اے سی بلڑی شاہ کریم، تاجران فیڈریشن ٹنڈو محمد خان کے صدر حاجی شبیر میمن، جنرل سیکریٹری سلیم گدی پٹھان سمیت دیگر پولیس افسران و جوانوں، شہریوں، مختلف اسکولوں کے بچوں اور سول سوسائٹی کے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

ریلی میں پولیس کے چاک و چوبند دستے نے پاکستانی پرچم کو سلامی دی اور شرکا نے پرچم اٹھائے جوش و جذبے کے ساتھ "پاک فوج زندہ باد" اور "پاکستان زندہ باد" کے فلک شگاف نعرے لگاتے ہوئے پاک افواج کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی ٹنڈو محمد خان حسیب جاوید سومرو میمن نے اپنے پیغام میں کہا کہ معرکہ حق کی تقریبات ضلع بھر میں جوش و خروش سے منائی جا رہی ہیں، اور ہم اس عظیم فتح پر پاک افواج کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک افواج کے چند گھنٹوں کے سرپرائز نے نہ صرف بھارت بلکہ دیگر دشمنوں کو بھی واضح پیغام دیا ہے کہ پاکستان نہ صرف ایک ایٹمی طاقت ہے بلکہ اس کے پاس شیردل اور بہادر جوان بھی موجود ہیں، جو وطن عزیز کے دفاع کے لیے ہر وقت اپنی جانیں قربان کرنے کو تیار ہیں۔