Live Updates

پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رحجان برقرار، 100 انڈیکس 6962.28 کے اضافہ کے بعد 171704.75 پوائنٹس پر بند

بدھ 6 مئی 2026 19:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2026ء) پاکستان سٹاک ایکسچینج میں بدھ کو مسلسل تیسرے روز بھی تیزی کا رحجان رہا اور کے ایس ای 100 انڈیکس 6962.28 کے اضافہ کے بعد 171704.75 پوائنٹس پر بند ہوا۔مارکیٹ میں مجموعی طور پر 560 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا،395 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،67کی قیمتوں میں کمی اور 98 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا،مجموعی طور پر 1202.16ملین حصص کا لین دین ہواجن کی مالیت63 ارب روپے تھی۔

کے ایس ای 30 انڈیکس 2242.85 پوائنٹس کے اضافہ کے بعد 51734.34 پوائنٹس اور اسلامی مالیات کا حامل کے ایم آئی 30 انڈیکس 9855.14 پوائنٹس کے اضافہ کے بعد 246406.22 پوائنٹس پر بند ہوا۔ فیوچر ٹریڈنگ کے تحت 18.32 ارب روپے کے سودے طے پائے،مارکیٹ کیپٹلائزیشن 3.9 فیصد کے اضافہ کے بعد 67.8 ارب ڈالر تک پہنچ گیا،حیسکول پٹرولیم کے 103469786 حصص، کے الیکٹرک کے 80513955 حصص اور بینک آف پنجاب کے 68046455 حصص کا لین دین ہوا۔

(جاری ہے)

حرا ٹیکسٹائل ملز،ڈی ایس انڈسٹریز اور امٹیکس لمیٹڈ سرفہرست ایڈوانسر کمپنیاں رہیں۔ٹاپ لائن سکورٹیز کے مطابق بدھ کو امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے میں پیش رفت کے اشارے کے بعد سرمایہ کا روں کے اعتماد میں نمایاں بہتری آئی اور آبنائے ہرمز کے حوالے سے کشیدگی میں کمی کی توقعات پیدا ہوئیں۔ اس کے نتیجہ میں مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی ہے، پورے سیشن میں خریداروں (بلز) کا واضح غلبہ رہا۔

ٹریڈنگ کے دوران اس تیزی کو مزید تقویت اس وقت ملی جب وزیر اعظم شہباز شریف نے ایک بیان میں ٹرمپ کی قیادت اور بروقت کشیدگی کم کرنے کی کو ششوں کو سراہا۔ اس بیان نے مثبت تاثر کو مزید مضبوط کیا اور سرمایہ کا روں کے اعتماد میں اضافہ ہوا جس سے مارکیٹ کی تیزی میں مددملی۔ دوسری جانب عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی نے بھی مارکیٹ کو مضبوط سہارا فراہم کیاہے جس سے بیرونی کھاتوں پر دبائو اور مہنگائی کے خدشات میں کمی آئی ہے۔ خام تیل کی قیمتوں میں یہ کمی کئی شعبوں کے لیے محرک ثابت ہوئی جس سے خریداری کا رجحان بڑھا اور مارکیٹ کی اوپر کی جانب رفتار برقرار رہی۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات