د*سینیٹر محمد طلحہ محمود نے وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے ملاقات

ریلوے اصلاحات، صنعتی شعبے کے ساتھ تعاون اور کارگو ٹرانسپورٹ کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال × کراچی پورٹ سے خیبرپختونخوا کے علاقے حطار میں قائم فیکٹری تک خام مال کی کارگو ٹرانسپورٹ کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو

جمعرات 7 مئی 2026 20:10

ق*اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مئی2026ء) سینیٹر محمد طلحہ محمود نے وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے ملاقات کی، جس میں ریلوے اصلاحات، صنعتی شعبے کے ساتھ تعاون اور کارگو ٹرانسپورٹ کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران سینیٹر محمد طلحہ محمود نے وزیر ریلوے کو پاکستان ریلوے میں کی جانے والی اصلاحات پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ریلوے کے شعبے میں بہتری صنعتی ترقی اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان کراچی پورٹ سے خیبرپختونخوا کے علاقے حطار میں قائم فیکٹری تک خام مال کی کارگو ٹرانسپورٹ کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ سینیٹر طلحہ محمود نے صنعتی شعبے کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کارگو ٹرانسپورٹ کے لیے ریلوے سہولیات میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے اس موقع پر کہا کہ حکومت صنعتی شعبے کو بہتر، تیز اور مؤثر فریٹ سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے تاکہ کاروباری سرگرمیوں اور برآمدات کو فروغ دیا جا سکے۔

ملاقات میں اس بات پر بھی غور کیا گیا کہ ملکی برآمدات اور صنعتی ترقی کے لیے ریلوے نیٹ ورک کو زیادہ مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے تاکہ ٹرانسپورٹ لاگت میں کمی اور تجارتی عمل میں بہتری لائی جا سکی