معرکہ حق بنیان مرصوص نے پاکستان کی ترقی و کشمیر کی آزادی کی منزل کا تعین کردیا ،سردار عتیق احمد خان

جمعہ 8 مئی 2026 13:38

مظفرآباد / راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2026ء) صدرمسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان سے مجاہد منزل میں حلقہ کھائیگلہ راولاکوٹ سے امیدوار اسمبلی ڈاکٹر عرفان اشرف کی ملاقات ۔سیاسی امور پر تبادلہ خیال ، ڈاکٹر عرفان اشرف کی جانب سے سردار عتیق احمد خان کو 11 مئی کھائی گلہ میں معرکہ حق بنیان مرصوص ریلی و کنونش میں شرکت کی دعوت ، سردار عتیق احمدخان نے دعوت قبول کرتے ہوئے شرکت کا فیصلہ کیا اور اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ معرکہ حق بنیان مرصوص نے پاکستان کی ترقی و کشمیر کی آزادی کی منزل کا تعین کردیا ہے ، ہم اپنی پاک فوج کے سپہ سالار پر فخر ہے جنہوں نے ثابت کیا کہ کسی بھی خطہ کی افواج کی کمان ایسی شخصیت کے پاس ہونی چاہیے جو نڈر ، بہادر ہو ، کچھ فیصلے وقت پر کرنے سے انسان کی قسمت بدل جاتی ہے ، فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے بھی دشمن کے مکروہ عزائم کا بروقت جواب دے کر دنیا کو بتایا کہ پاکستان نہ صرف ایٹمی ملک ہے بلکہ اس کی بحری ، بری ، فضائیہ کے پاس ہر طرح کی مہارت موجود ہے جس سے انھوںنے ہندوستانی8 جہاز ، ایس 400 ائیر ڈیفنس سسٹم کو لمحوں میں تباہ کیا ، پاکستان نے فضائی، الیکٹرانک اور سائبر وار فیئر میں دشمن کو دھول چٹا دی ، ہندوستان نے دہشتگردی کا روز روز کا ڈرامہ ختم ہو چکا ہے ، فیلڈ مارشل کی کامیاب ملٹری ڈپلومیسی کی دنیا معترف ہے ، یہ بھی تاریخ ہے کہ پہلی مرتبہ کسی امریکہ صدر نے پاکستانی فوج کے سربراہ کی میزبانی کی ۔

(جاری ہے)

ہمیں آزاد کشمیر بھر میں معرکہ حق بنیان مرصوص کے ایک سال پورے ہونے پر بھرپور انداز میں تقریبات کا انعقاد کرنا چاہیے اور ہر سال اس دن کو جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے تاکہ نسل نو تک ہر سال فتح کا پیغام پہنچ سکے ۔آزاد کشمیر کے سیاسی امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ جملہ مسلم کانفرنسی امیدواراسمبلی اور کارکنان الیکشن کی بھرپور تیاری رکھیں ، ہم نے الیکشن میں بھرپور مقابلہ کے لئے کردار ادا کرنا ہے ۔