Live Updates

ایرانی امریکی جھڑپ اور یو اے ای پر حملوں سے کشیدگی پھر زیادہ

DW ڈی ڈبلیو جمعہ 8 مئی 2026 14:40

ایرانی امریکی جھڑپ اور یو اے ای پر حملوں سے کشیدگی پھر زیادہ
  • آبنائے ہرمز میں ایرانی امریکی جھڑپ اور یو اے ای پر نئے میزائل و ڈرون حملے فائر بندی کا نیا امتحان

آبنائے ہرمز میں ایرانی امریکی جھڑپ اور یو اے ای پر نئے میزائل و ڈرون حملے فائر بندی کا نیا امتحان

ایران جنگ میں غیر معینہ مدت کی موجودہ فائر بندی کے دوران آبنائے ہرمز میں امریکی اور ایرانی فورسز کے مابین نئی جھڑپ اور متحدہ عرب امارات پر نئے ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں سے خطے میں کشیدگی میں پھر اضافہ ہو گیا ہے۔

ایران اور امریکہ کے درمیان پاکستان کی ثالثی میں وہ بالواسطہ رابطے ابھی تک جاری ہیں، جن کا مقصد امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ میں موجودہ فائر بندی سے آگے بڑھتے ہوئے کسی جنگ بندی ڈیل تک پہنچنا ہے۔

(جاری ہے)

ایران آبنائے ہرمز دوبارہ کھولے ورنہ پہلے سے بھی شدید بمباری کا سامنا کرنا پڑے گا، ٹرمپ

تاہم اس سیزفائر کے دوران کل جمعرات کی رات امریکہ اور ایران کی بحری فورسز کے مابین آبنائے ہرمز میں نئی جھڑپ بھی ہوئی۔

یہ نیا عسکری تناؤ اس وقت پیدا ہوا جب امریکہ نے یہ دعویٰ کیا کہ اس نے آبنائے ہرمز کے سمندری علاقے میں اپنے تین بحری جہازوں پر کیے جانے والے حملے ناکام بنا دیے، جن کے بعد ایرانی عسکری تنصیبات پر جوابی بھی کارروائی کی گئی۔

متحدہ عرب امارات کا اوپیک سے اخراج سعودی عرب کے لیے دھچکا؟

متحدہ عرب امارات پر نئے ایرانی حملے

اسی دوران خلیجی ریاست متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی طرف سے جمعہ آٹھ مئی کے روز بتایا گیا کہ ایران نے اس ملک پر ایک بار پھر میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں۔

ابوظہبی میں اماراتی حکومت کی طرف سے کوئی تفصیل بتائے بغیر بس اتنا ہی کہا گیا کہ یو اے ای نے ان حملوں کا ’جواب‘ دیا ہے۔

ایران کے ساتھ تنازعے میں امریکہ کو ’سبکی‘ کا سامنا، جرمن چانسلر

اس بارے میں کوئی اطلاعات نہیں ہیں کہ آیا یو اے ای میں نئے ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں سے کوئی جانی یا مالی نقصان بھی ہوا۔

دوسری طرف سفارتی سطح پر اس جنگ میں کسی امن معاہدے تک پہنچنے کے لیے ثالثی کوششیں بھی جاری ہیں۔ امریکہ کی طرف سے نئی امن تجاویز پاکستان کے ذریعے ایران تک پہنچ چکی ہیں، جن پر ایرانی ردعمل کا انتظار ابھی تک جاری ہے۔

ایران نے کل جمعرات کے روز کہا تھا کہ وہ ان تجاویز کا جائزہ لے رہا ہے اور اپنے جوابی نقطہ نظر کو تحریری طور پر حتمی شکل دے کر پاکستان کے حوالے کر دے گا، جو اسے امریکہ تک پہنچا دے گا۔
ادارت: جاوید اختر

Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات