انسانی خدمت کیلئے رضاکارکلیدی کردار ادا کرتے ہیں، وزیر اعظم کا ریڈ کراس و ریڈ کریسنٹ کے عالمی دن پر پیغام

جمعہ 8 مئی 2026 18:57

انسانی خدمت کیلئے رضاکارکلیدی کردار ادا کرتے ہیں، وزیر اعظم کا ریڈ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مئی2026ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہمدردی، رضاکارانہ خدمت اور یکجہتی کی اقدار اپنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت سماجی سطح پر درپیش انسانی نوعیت کے مسائل کے حل کے لئے ایک مضبوط، منظم اور جامع نظام کے قیام کے لیے پرعزم ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے ریڈ کراس و ریڈ کریسنٹ کے عالمی دن پر جاری پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ عالمی یوم ریڈ کراس و ریڈ کریسنٹ پر دنیا بھر اور بالخصوص پاکستان میں اس تحریک میں شامل رضاکاروں، عملے اور شراکت داروں کو ان کی بے لوث انسانی خدمات پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں،اس سال یہ دن ’’انسانیت میں اتحاد ‘‘ کے زیر عنوان منایا جا رہا ہے۔

یہ موضوع انسانیت، ہمدردی اور یکجہتی کی پائیدار طاقت کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔

(جاری ہے)

دور حاضر میں دنیا مجموعی طور پر پیچیدہ مسائل بشمول موسمیاتی تبدیلی، قدرتی آفات، صحت عامہ کی دگر گوں صورتحال اور سماجی و معاشی ناہمواریاں کا سامنا کر رہی ہے۔اس تناظر میں ریڈ کراس اور ریڈ کریسنٹ جیسی انسانی ہمدردی وخدمت پر وقف تنظیموں کا کردار مزید اہم ہو گیا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ عوامی سطح پر ہنگامی صورتحال میں فوری موثر ردعمل کے لئے رضاکاروں اور فرسٹ رسپانڈرز کی صلاحیت و استعداد میں اضافہ کے لئے بھی اقدامات جاری ہیں۔ انسانی خدمت کے لئے تیار سماجی رضاکار صف اول میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں،پاکستان ہلال احمر سوسائٹی آفات سے نمٹنے، خون کی فراہمی، صحت کی خدمات اور کمیونٹی تک رسائی میں اہم کردار ادا کرتی رہی ہے۔

دور دراز اور محروم علاقوں تک ان کی رسائی حقیقی معنوں میں انسانیت اور خدمت کے جذبے کی عکاسی کرتی ہے۔حکومت ان خدمات کی تحسین کرتی ہے اور مستقبل میں شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ آئیے تمام فریقین بشمول حکومت، سول سوسائٹی، نجی شعبہ، بین الاقوامی شراکت دار اور سماجی طبقات مل کر ایک محفوظ، صحت مند اور مضبوط پاکستان کی تعمیر کے لیے کام کرنے کا تجدید عہد کریں۔وزیراعظم نے تمام شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ہمدردی، رضاکارانہ خدمت اور یکجہتی کی اقدار کو اپنائیں، ہم سب انسانیت کی خدمت اور ضرورت مندوں کی ہرممکن مدد کے عزم پر متحد ہوں۔