میر واعظ کا مقبوضہ کشمیر میں تعلیمی اداروں کی بندش اور شراب کو فروغ دینے پر اظہار تشویش ، معرکہ حق کی شاندار فتح کا ایک برس مکمل ہونے پر پاکستان کو مبارکباد د

جمعہ 8 مئی 2026 20:21

سری نگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2026ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے مختلف مقامی ٹرسٹوں اور کمیٹیوں کی طرف سے چلائے جانے والے تعلیمی اداروں کی بندش پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے نہ صرف ہزاروں طلبا کا مستقبل تباہ ہورہا ہے بلکہ یہ ہماری مذہبی شناخت پر بھی حملہ ہے۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر کی تاریخی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے قابض انتظامیہ کی طرف سے حال ہی میں ضلع شوپیاں میں قائم جامعہ سراج العلوم کی کالے قانون”یو اے پی اے “ کے تحت بند ش کو ایک انتہائی سنگین معاملہ قرار دیا۔ انہوں نے خبر دار کیا کہ اگر بھارتی انتظامیہ نے سراج العلوم سمیت سیل کیے جانے والے دیگر تمام تعلیمی اداروں کی بحالی کے احکامات نہ دیے تو اسکے سنگین نتائج برآمد ہونگے اور لوگ اپنے غم و غصے کے اظہار کیلئے سڑکوں پر آنے کے لیے مجبورہونگے۔

(جاری ہے)

میر واعظ نے مقبوضہ علاقے میں شراب کو فروغ دینے کی منصوبہ بند بھارتی سازش پر بھی گہری تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ علاقے میں اس وقت سینکڑوں لائسنس یافتہ شراب کی دکانیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منشیات میں شراب بھی نشے کی ایک شکل ہے لہذا اس پر بھی مکمل پابندی کی ضرورت ہے۔حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے 8مئی کے شہدائے پیردستگیر صاحب کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کشمیریوں کی بیش بہا قربانیوں کو رائیگان نہ جانے دینے کے کشمیریوںکے عزم کا اعادہ کیا۔

بھارتی پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے بے لگام اہلکاروں نے 1991میں آج ہی کے دن سرینگر کے علاقے دستگیر صاحب خانیار میں کشمیریوں پر اندھا دھند گولیاں چلائی تھیں جس کے نتیجے میں 19افراد شہید ہوئے تھے جن میں دو سال کا ایک شیر خواربچہ اور اس کاوالد بھی شامل تھا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی تنظیموں جموں وکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم موومنٹ ،تحریک وحدت اسلامی اور پیروان ولایت نے آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر پاکستان کی حکومت اور عوام کو مبارکباد دی ہے۔

انہوں نے سرینگر میں جاری اپنے بیانات میں کہا کہ ایک جارح ہمسایہ ملک کی عبرتناک شکست کے بعد پاکستان کے عالمی سطح پر وقار میں نمایاں اضافہ ہوا اور خطے کی تزویراتی صورتحال یکسر تبدیل ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق نے ثابت کیا کہ پاکستان ہر قسم کی جارحیت کے خلاف اپنی خودمختاری اور سالمیت کا دفاع کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے حق پر مبنی کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی مسلسل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت پر پاکستان کا شکریہ اداکیا۔ ضلع اسلام آباد میں بھارتی پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے ایک کانسٹیبل ستیش کمار نے آج اپنی سروس رائل سے خودکشی کرلی۔وہ بھارتی ریاست ہریانہ کا رہائشی تھا۔