ڈونلڈ ٹرمپ کا یوکرین اور روس کے درمیان تین روزہ جنگ بندی کا اعلان

ہفتہ 9 مئی 2026 09:10

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2026ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان 9 مئی سے 11 مئی تک تین روزہ جنگ بندی ہوگی۔بی بی سی کے مطابقا ن کے بقول اس کا مقصد روس میں دوسری عالمی جنگ کے خاتمے کی یاد منانا ہے۔ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں کہا کہ اس وقفے کے دوران ہر قسم کی فوجی کارروائی معطل رہے گی جبکہ دونوں ممالک کے درمیان ایک، ایک ہزار قیدیوں کا تبادلہ بھی شامل ہوگا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ’امید ہے کہ یہ ایک طویل، مہلک اور سخت لڑائی پر مشتمل جنگ کے خاتمے کی شروعات ہوگی۔‘ انھوں نے مزید کہا کہ اس تنازع کے خاتمے کے لیے مذاکرات میں مسلسل پیشرفت ہو رہی ہے۔روس نے 8 اور 9 مئی کے لیے جنگ بندی کا اعلان کیا تھا جو سوویت یونین کی نازی جرمنی کے خلاف دوسری عالمی جنگ میں فتح کی تقریبات اور ماسکو کے ریڈ سکوائر میں فوجی پریڈ کے موقع سے ہم آہنگ ہے۔یوکرین نے بھی اپنی جانب سے غیر معینہ مدت کی جنگ بندی کی تجویز پیش کی ہے جو منگل کی رات سے شروع ہوئی۔