شفافیت اور مضبوط مالیاتی حکمرانی معاشی استحکام کے لیے ناگزیر ہیں، اسحاق ڈار کا سائوتھ ایشین فیڈریشن آف اکائونٹنٹس کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 9 مئی 2026 14:17

شفافیت اور مضبوط مالیاتی حکمرانی معاشی استحکام کے لیے ناگزیر ہیں، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2026ء) نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ شفافیت، جوابدہی اور مضبوط مالیاتی حکمرانی پائیدار اقتصادی ترقی، سرمایہ کاروں کے اعتماد اور معاشی استحکام کے لیے ناگزیر ہیں،سٹریٹجک اصلاحات، علاقائی روابط، مالیاتی نظم و ضبط اور ادارہ جاتی مضبوطی پاکستان کو ایک مضبوط اور پائیدار معیشت کے طور پر آگے بڑھا رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے لاہور میں منعقدہ سائوتھ ایشین فیڈریشن آف اکائونٹنٹس کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کے دوران کیا۔نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ نے انسٹی ٹیوٹ آف کاسٹ اینڈ منیجمنٹ اکائونٹنٹس پاکستان کو اکائونٹنگ اور فنانس کے شعبے میں 75 سالہ شاندار خدمات اور پاکستان میں ادارہ جاتی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرنے پر مبارکباد پیش کی۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شفافیت، جوابدہی اور مضبوط مالیاتی حکمرانی پائیدار اقتصادی ترقی، سرمایہ کاروں کے اعتماد اور معاشی استحکام کے لیے ناگزیر ہیں۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق اسحاق ڈار نے اکائونٹنگ کے شعبے پر ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کے انقلابی اثرات کو اجاگر کرتے ہوئے عالمی رجحانات کے مطابق خود کو ڈھالنے کی ضرورت پر زور دیا۔

پاکستان کی بے پناہ معاشی صلاحیتوں کا ذکر کرتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ نے کہا کہ سٹریٹجک اصلاحات، علاقائی روابط، مالیاتی نظم و ضبط اور ادارہ جاتی مضبوطی پاکستان کو ایک مضبوط اور پائیدار معیشت کے طور پر آگے بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے علاقائی امن، استحکام، مکالمے اور اقتصادی تعاون کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کو بھی اجاگر کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ساؤتھ ایشین فیڈریشن آف اکائونٹنٹس کے پلیٹ فارم کے ذریعے علاقائی تعاون، نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور حکومت پاکستان کی اصلاحات کے لیے وابستگی، کارکردگی، جوابدہی، پائیدار ترقی اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔