سپورٹس بورڈپنجاب کے زیراہتمام معرکہ حق گیمز 2026 شیر لاہور دنگل کا شاندار انعقاد

اتوار 10 مئی 2026 15:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2026ء) سپورٹس بورڈپنجاب کے زیراہتمام معرکہ حق گیمز2026 کے سلسلے میں معرکہ حق شیر لاہور دنگل کا شاندار انعقاد ہوا،جس میں طیب رضا اعوان نے شیر لاہور کا ٹائیٹل اپنے نام کیا، گزشتہ شب پنجاب سٹیڈیم میں صوبائی وزیر کھیل و امورِ نوجوانان ملک فیصل ایوب کھوکھر نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے خصوصی طور پر شرکت کی،اس موقع پر وائس چیئرمین اسپورٹس بورڈ پنجاب سلمان ملک، سیکرٹری اسپورٹس پنجاب فضل الرحمان، ڈی جی اسپورٹس محمد طارق قریشی ، سپورٹس کوآرڈینٹر ملک انوش کھوکھر، سابق رستم پاکستان بشیر بھولا بھالہ،انٹرنیشنل ریسلر انعام بٹ ، پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے صدر ارشد ستارسمیت نامور پہلوانوں اور شائقین کشتی کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

دنگل میں ملک بھر کے معروف پہلوانوں نے بھرپور جوہر دکھائے اور دلچسپ مقابلوں کے ذریعے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ شائقین نے روایتی کشتی کے مقابلوں سے بھرپور لطف اٹھایا اور پہلوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔ صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق گیمز 2026 کے انعقاد کا مقصد افواجِ پاکستان اور وطن ِ عزیز کے لیے قربانیاں دینے والے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے شہدا نے وطن کے دفاع، سلامتی اور خود مختاری کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور پوری قوم اپنے شہدا اور غازیوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرسکتی۔صوبائی وزیر کھیل نے کہا کہ شہدا ہماری آزادی، امن اور قومی وقار کی ضمانت ہیں، معرکہ حق گیمز کے ذریعے نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے ساتھ ساتھ امن، محبت اور قومی یکجہتی کا پیغام بھی عام کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نوجوانوں کو کھیلوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے اور روایتی کھیلوں کے فروغ کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔تحصیلوں کی میپنگ کرلی گئی ہے اور ہر تحصیل میں اکھاڑوں کو آباد کرنے جا رہے ہیں۔ میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ بھارت جان لے کہ ہم گھر میں گھس کر مارنے والوں میں سے ہیں اور رات کی تاریکی میں چھپ کر نہیں بلکہ دن کی روشنی میں للکار کر حملہ کرتے ہیں۔

پوری دنیا معرکہ حق 2025 کی فتح کو کبھی بھلا نہیں سکے گی۔تقریب میں سیکرٹری سپورٹس پنجاب فضل الرحمن اور ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی کو چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے سوینئرز دیئے، صوبائی وزیرکھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر اور چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے فاتحین میں انعامات تقسیم کئے ، شیر لاہور دنگل جیتنے والے پہلوان طیب رضا اعوان کو ساڑھے پانچ لاکھ روپے کا انعام دیا گیا،شیر لاہور دنگل میں طیب رضا عوان پہلوان نے محمد سبحان کو شکست دے کر شیرلاہور دنگل کا ٹائیٹل اپنے نام کیا،اسی طرح محمد یار پہلوان نے محمد سجاول پہلوان ، محمد ہیرا پہلوان نے محمد عثمان پہلوان ،حسن علی پہلوان نے علی رضا پہلوان ،حسنین علی نے راحیل الیاس ،نادر پہلوان نے اللہ رکھا پہلوان، عکاش پہلوان نے افراہیم پہلوان کو شکست دی ۔