میکڈونلڈز پاکستان آئی ٹی ایف چیمپئن شپ 2026 (آئی ٹی ایف ایم-15 لیگ-2) کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر

اتوار 10 مئی 2026 23:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2026ء) میکڈونلڈز پاکستان آئی ٹی ایف چیمپئن شپ 2026 (آئی ٹی ایف ایم-15 لیگ-2) کامیابی کے ساتھ پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوگئی۔ اس باوقار بین الاقوامی ایونٹ میں 22 ممالک کے 86 مرد کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ شریک ممالک میں پاکستان، کویت، روس، ازبکستان، سویڈن، مراکش، ملائیشیا، برطانیہ، اٹلی، لیتھوانیا، چین، ترکیہ، الجزائر، کینیڈا، آئرلینڈ، پولینڈ، ہانگ کانگ، یونان، لبنان، جرمنی، فرانس اور جاپان شامل تھے۔

مردوں کے سنگلز فائنل میں سویڈن کے آروِڈ نورڈکوسٹ نے پاکستان کے محمد شعیب کو 5-7، 6-3، 3-7(6) سے شکست دے کر میکڈونلڈز پاکستان آئی ٹی ایف چیمپئن شپ 2026 (آئی ٹی ایف ایم-15 لیگ-2) کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

(جاری ہے)

اختتامی تقریب کی مہمان خصوصی پاکستان میں سویڈن کی سفیر الیگزینڈرا برگ وان لنڈے تھیں جبکہ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی مہمان اعزاز تھے۔

فائنل میں شریک دیگر معزز مہمانوں میں اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کی ناظم الامور نیٹالی اے بیکر، پی ٹی ایف کے سرپرست سینیٹر سلیم سیف اللہ خان، وزارت بین الصوبائی رابطہ کے وفاقی سیکریٹری محی الدین احمد وانی، موون پک ہوٹل اسلام آباد کے جنرل منیجر نکولس وردون، پاکستان میں برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر میٹ کینیل، میکڈونلڈز پاکستان کے سی او او عامر ملک، سیکریٹری جنرل پی ٹی ایف کرنل ضیاء الدین طفیل، سینئر ایگزیکٹو نائب صدر پی ٹی ایف میجر سلیمان جنید، نائب صدر پی ٹی ایف زائرہ احمد ذکا، ڈائریکٹر کوچنگ اینڈ سلیکشن کرنل گل رحمان اور پاکستان ٹینس فیڈریشن کے الحاق شدہ یونٹس کے اراکین شامل تھے۔

سپانسر تنظیموں بشمول میکڈونلڈز پاکستان، او جی ڈی سی ایل، کوکا کولا، ہونڈا پاکستان اور بحریہ فائونڈیشن کے نمائندگان بھی موجود تھے جبکہ ٹینس شائقین، والدین، کھلاڑیوں اور کوچز کی بڑی تعداد نے بھی فائنل دیکھا۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی نے پاکستان میں مسلسل دو آئی ٹی ایف ایم-15 ٹورنامنٹس کے کامیاب انعقاد پر خوشی کا اظہار کیا اور فاتح و رنر اپ دونوں کھلاڑیوں کو شاندار کارکردگی پر مبارکباد دی۔

انہوں نے تمام سپانسرز کا قیمتی تعاون، میڈیا کی بھرپور کوریج، اور اسلام آباد پولیس کی فول پروف سکیورٹی پر شکریہ ادا کیا جس نے ایونٹ کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ اعصام الحق نے مزید کہا کہ 25 سال بعد پاکستان کے محمد شعیب اعصام الحق قریشی کے بعد پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے کسی آئی ٹی ایف پروفیشنل ایونٹ کے مسلسل دو فائنلز میں جگہ بنائی جو پاکستان ٹینس کے لیے ایک قابل فخر لمحہ ہے۔