فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی کم ہوتی بولنگ اسپیڈ موضوع بحث بن گئی

بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ میں شاہین آفریدی کی بولنگ رفتار 10 سے 15 کلومیٹر تک کم ہو گئی،بازید خان بھی بول پڑے

پیر 11 مئی 2026 12:35

ڈھاکہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2026ء) پاکستان کے پریمیئم فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی کم ہوتی بولنگ اسپیڈ موضوع بحث بن گئی۔سابق چیئر مین پی سی بی رمیز راجا کے بعد سابق کرکٹر بازید خان نے بھی شاہین کی گرتی ہوئی بولنگ رفتار کو ورک لوڈ اور بے تحاشہ ٹی ٹوئنی کرکٹ کی وجہ قرار دے دیا۔بازید خان نے کہا کہ بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ میں شاہین آفریدی کی بولنگ رفتار 10 سے 15 کلومیٹر تک کم ہو گئی۔

انہوں نے تقابلی جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ شعیب اختر اور بریٹ لی نے زیادہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلی ہے لیکن ان کی رفتار میں کمی نہیں ہوتی تھی جب کہ شاہین آفریدی کی رفتار کم ہوئی ہے جو کہ ٹی ٹوئنٹی کے فوراً بعد ٹیسٹ کھیلنے کا نتیجہ ہے۔سابق کرکٹر نے کہا کہ آپ نے اپنے جسم کو لمبی کرکٹ کے لیے تیار نہیں کیا، بس ٹی ٹوئنٹی میں چار اوور کروا کر ٹیسٹ کھیلیں تو اسپیڈ کم ہو گی۔

(جاری ہے)

پاکستان کے سابق کرکٹر اور معروف کمنٹیٹر رمیز راجہ نے شیر بنگلا نیشنل اسٹیڈیم میں بنگلادیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کے دوران فاسٹ بولر شاہین آفریدی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔کمنٹری کے دوران رمیز راجہ نے پاکستان کے فاسٹ بولرز اور شاہین آفریدی کی موجودہ فارم پر سوال اٹھایا۔انہوں نے کہا کہ بہت سے بولرز جو مختصر فارمیٹس کھیلتے ہیں اکثر ٹی 20 میں چار اوور کے اسپیل کرلیتے ہیں لیکن ٹیسٹ کرکٹ میں جدوجہد کرتے ہیں جس سے ان کی فٹنس سامنے آجاتی ہے۔