چیف جسٹس سے کنگز کونسل فرانسس ٹیلر بلڈنگ چیمبرز، لندن کی بیرسٹرسائرہ کبیرشیخ کی ملاقات

پیر 11 مئی 2026 22:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 مئی2026ء) بیرسٹر سائرہ کبیر شیخ، کنگز کونسل فرانسس ٹیلر بلڈنگ چیمبرز، لندن، نے پیر کو چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی سے ملاقات کی ہے اوراپنی اعزازی تقرری بارے چیف جسٹس کوبتایاکہ انہیں آنریبل سوسائٹی آف دی انر ٹیمپل، لندن، جو کہ برطانیہ کے چار تاریخی آنز آف کورٹ میں سے ایک ہے، کے اعزازی بنچر کے طور پر تقرری کی گئی ہے۔

ملاقات کے دوران، بیرسٹر سائرہ کبیر شیخ کے سی نے چیف جسٹس کو اس اعزاز پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ پیش رفت انر ٹیمپل اور پاکستان کی قانونی و عدالتی برادری کے درمیان موجودہ روابط کو مزید گہرا کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔ملاقات میں صدر اور جنرل سیکرٹری، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن، ڈائریکٹر جنرل، فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی، ڈائریکٹر جنرل (اصلاحات) سپریم کورٹ آف پاکستان اور سیکرٹری، لا اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

بات چیت میں باہمی دلچسپی کے شعبوں کا بھی احاطہ کیا گیا، جن میں عدالتی تعلیم، وکلا اور ججز کی پیشہ ورانہ تربیت، جاری قانونی تعلیمی پروگرام، اور منظم ادارہ جاتی تعاون کے مواقع شامل ہیں۔ دونوں فریقوں نے نظام انصاف میں بہترین طریقہ کار کی ترقی میں معاونت اور قانونی صلاحیت کو مضبوط بنانے میں ایسے تبادلوں کی اہمیت کو تسلیم کیا۔چیف جسٹس نے قانونی تعلیم کے اعلیٰ معیارات کو برقرار رکھنے اور مختلف دائرہ اختیار میں قانونی پیشہ ور افراد کے درمیان رابطے کو آسان بنانے میں انر ٹیمپل کے کردار کو سراہا۔

انہوں نے بیرون ملک معروف قانونی اداروں، خصوصاً تربیت، علم کے تبادلے، اور اصلاحات پر مبنی اقدامات سے متعلق شعبوں میں ادارہ جاتی تعاون کو مستحکم کرنے میں سپریم کورٹ آف پاکستان کی دلچسپی کو بھی اجاگر کیا۔ملاقات عالمی قانونی اداروں کے ساتھ سپریم کورٹ آف پاکستان کے مسلسل رابطے اور پاکستان میں نظام انصاف کی ترقی میں معاون پیشہ ورانہ روابط کو مضبوط بنانے کے وسیع تر وڑن کی عکاس ہے۔