سپارکو نے ذوالحجہ کے چاند اور عید الاضحی کی تاریخ سے متعلق پیشگوئی کردی

منگل 12 مئی 2026 15:05

سپارکو نے ذوالحجہ کے چاند اور عید الاضحی کی تاریخ سے متعلق پیشگوئی ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2026ء) ذوالحجہ 1447 ہجری کے چاند کی متوقع رویت سے متعلق پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹماسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو)نے پیشگوئی جاری کر دی۔سپارکو کے مطابق ذوالحجہ 1447 ہجری کا نیا چاند 17 مئی 2026 کو رات 1 بج کر 1 منٹ پر پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق پیدا ہونے کی توقع ہے۔سپارکو کے مطابق 17 مئی 2026 کو غروب آفتاب کے وقت نئے چاند کی عمر تقریبا 18 گھنٹے 30 منٹ ہوگی۔

سپارکو نے بتایا کہ پاکستان کے ساحلی علاقوں میں غروب آفتاب اور غروب ماہتاب کے درمیان تقریبا 60 منٹ کا وقفہ متوقع ہے۔سپارکو کے مطابق ان فلکیاتی اعداد و شمار کی بنیاد پر 17 مئی 2026 کی شام ذوالحجہ کا چاند نظر آنے کے امکانات موافق تصور کیے جا رہے ہیں، بشرطیکہ موسم صاف ہو اور افق کے قریب حد نگاہ بہتر ہو۔

(جاری ہے)

سپارکو کے مطابق یکم ذوالحجہ 1447 ہجری بروز پیر 18 مئی 2026 متوقع ہے، جو ماہ ذوالقعدہ کے اختتام کی علامت ہوگی۔

سپارکو نے امکان ظاہر کیا ہے کہ عیدالاضحی 27 مئی کو ہوگی، سپارکو کے مطابق ذوالحجہ کے چاند کی رویت اور نئے اسلامی مہینے کے آغاز کے بارے میں حتمی فیصلہ پاکستان کی مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔سپارکو نے کہا کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی ملک بھر سے موصول ہونے والی معتبر شہادتوں اور مصدقہ مشاہدات کی بنیاد پر اسلامی مہینوں کے آغاز کا اعلان کرنے کا مجاز ادارہ ہے۔