نیشنل ایکشن پلان ، پنجاب میں نصاب او صبح کی دعا میں حب الوطنی شامل کرنے کا فیصلہ

بدھ 13 مئی 2026 14:32

نیشنل ایکشن پلان ، پنجاب میں نصاب او صبح کی دعا میں حب الوطنی شامل کرنے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2026ء) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان کے تحت انفارمیشن سٹیئرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے میں قومی یکجہتی، حب الوطنی اور نفرت انگیز مواد کے تدارک سے متعلق متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں سیکرٹری اطلاعات طاہر رضا ہمدانی، ایڈیشنل سیکرٹری ہوم ماہم آصف، ڈپٹی سیکرٹری فنانس شہزاد ہوتیانہ، ڈائریکٹر لا شاہد امتیاز سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔

کمیٹی نے تعلیمی نصاب اور صبح کی دعا میں حب الوطنی اور نیشنلزم کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا جبکہ معرکہ حق اور قومی جذبے سے متعلق مضامین نصاب کا حصہ بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔اجلاس میں اس بات پر تشویش ظاہر کی گئی کہ نجی تعلیمی اداروں میں قومی یکجہتی اور معرکہ حق کے حوالے سے وہ سرگرمیاں نہیں ہوئیں جو سرکاری اداروں میں منعقد کی گئیں، جس پر نجی سکولوں میں بھی ایسے پروگرام شروع کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فلم فنڈ کے تحت معرکہ حق اور قومی یکجہتی پر مبنی فلمیں بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا جبکہ الحمرا آرٹس کونسل کے تحت شہید لیاقت پر ڈرامہ تیار کرنے کی منظوری دی گئی۔شرکاء کے ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر سے تعلیمی اداروں کے دورے جاری رکھنے کی بھی درخواست کی، اور محرم الحرام کے پیش نظر اجلاس میں سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع پر نفرت انگیز مواد کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

عظمیٰ بخاری نے ہدایت دی کہ انفارمیشن اور ہوم ڈیپارٹمنٹ مشترکہ طور پر ایک خصوصی سیل قائم کریں گے جو نفرت انگیز مواد پھیلانے والے عناصر کی فوری نشاندہی کرے گا اور عوام تک بروقت و درست معلومات پہنچائے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ محرم الحرام کے دوران کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی یا نفرت انگیزی برداشت نہیں کی جائے گی اور ایسے عناصر کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی، اجلاس میں قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے عوامی آگاہی مہم شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔