تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی ملک کی ترقی کیلئے بڑا چیلنج ہے، وزیراعظم

آبادی سے متعلق پالیسی سازی کیلئے نیشنل پاپولیشن کونسل کے قیام کا فیصلہ، وزیراعظم خود سربراہی کریں گے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 14 مئی 2026 16:19

تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی ملک کی ترقی کیلئے بڑا چیلنج ہے، وزیراعظم
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 مئی2026ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ تیزی سے بڑھتی آبادی سے قومی وسائل پر دباؤ بڑھ رہا ہے اور ملکی ترقی کیلئے بڑا چیلنج ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بڑھتی ہوئی آبادی کے مسائل پر اہم اجلاس کی صدارت کی، اجلاس کو ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی اور کنٹرول و بہبود کے حوالےسے اقدامات پر بریفنگ دی گئی، وزیراعظم نے اجلاس میں قومی سطح پر آبادی سے متعلق پالیسی سازی کیلئے نیشنل پاپولیشن کونسل کے قیام کا فیصلہ کیا، وزیراعظم نیشنل پاپولیشن کونسل کی خود سربراہی کریں گے، نیشنل پاپولیشن کونسل میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد کشمیر اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان شامل ہوں گے، وزیراعظم نے عوامی آگاہی مہم میں علمائے کرام اور کمیونٹی رہنماؤں کی شمولیت یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے کیلئے مؤثر اور مربوط قومی حکمت عملی تشکیل دی جائے، وسائل اور آبادی میں توازن ہی پائیدار ترقی کی ضمانت ہے، تیزی سے بڑھتی آبادی سے قومی وسائل پر دباؤ بڑھ رہا ہے اور ترقی کیلئے بڑا چیلنج ہے، حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ آگاہی مہم، صحت و تعلیم کی سہولیات میں بہتری اور متوازن ترقی کے ذریعے سے آبادی کی بڑھتی ہوئی رفتار پر قابو پایا جا سکے، آبادی کے بہتر نظم و نسق کیلئے “ہول آف دی گورنمنٹ اپروچ” اپنائی جائے. بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں آبادی کی شرح نمو 2.55 فیصد تک پہنچ چکی ہے جو ایک بڑا چیلنج ہے، تمام ہیلتھ مراکز پر خاندانی منصوبہ بندی کی سہولیات مہیا کرنے سے آبادی پر کنٹرول میں مدد ملے گی، سماجی تحفظ کے پروگراموں کو خاندانی منصوبہ بندی سے جوڑا جائے گا، اس سلسلے میں خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانا آبادی پر قابو پانے میں اہم کردار ہے، خاندانی منصوبہ بندی پر آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، وفاقی وزیر قومی صحت سید مصطفیٰ کمال، وزیر مملکت برائے قومی صحت ملک مختار احمد بھرتھ اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔