پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف کی آزری وزیر انصاف سے ملاقات میں گفتگو

جمعرات 14 مئی 2026 17:53

پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہو ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2026ء) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور آذربائیجان برادر ممالک ہیں جن کے تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار آذربائیجان کے وزیر انصاف فرید تراب اووعلو احمدوف سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو یہاں وزیراعظم ہائوس میں ان سے ملاقات کی۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وفاقی وزیر قانون، انصاف و انسانی حقوق اعظم نذیر تارڑ، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی موجود تھے۔ گرمجوشی اور دوستانہ ماحول میں ملاقات کے دوران وزیراعظم نے آذربائیجان کے وزیر کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان برادر ممالک ہیں جن کے تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کے لئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان سے اس ہفتے کے شروع میں ہونے والی اپنی ٹیلی فونک گفتگو کا بھی ذکر کیا۔ وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے آذر بائیجان کے وزیر نے مہمان نوازی پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے وزیراعظم کو دونوں ممالک کے درمیان قانونی اور عدالتی تعاون کے شعبے میں جاری تعاون کے بارے میں آگاہ کیا۔

دونوں فریق باہمی قانونی معاونت کے طریقہ کار کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے عدالتی نظام کی استعداد کار کو یقینی بنانے کے لیے مل کر فعال طور پر کام کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے فریقین کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بھائی صدر الہام علیوف سے جلد ملاقات کے منتظر ہیں تاکہ دونوں فریقوں کے درمیان تمام شعبوں میں بہترین دوطرفہ تعاون کو جاری رکھا جا سکے۔\932