متحدہ علماء محاذکا 15مئی جمعہ کو فلسطین پر اسرائیلی تسلط کیخلاف یوم نکبہ منانے کا اعلان

جمعرات 14 مئی 2026 22:26

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2026ء) متحدہ علماء محاذ پاکستان کے زیر اہتمام بانی سربراہ مولانا محمدامین انصاری کی اپیل پر کل 15مئی جمعہ کو یوم نکبہ منایا جائے گا۔ محاذ میں شامل مختلف مکاتب فکر کے جید علماء مشائخ نماز جمعہ کے اجتماعات میں فلسطین پر اسرائیلی ناجائز تسلط ، قبضہ جارحیت کیخلاف عوام میں شعور و بیداری پیدا کریں گے، فلسطین کے مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کریں گے۔

علاوہ ازیں اس موقع پر علماء مشائخ مساجدمیں معرکہ حق بنیان المرصوص کی تاریخی جرأت مندانہ کامیابی پر افواج پاکستان کے کردار و خدمات و عظیم قربانیوں پر انہیں خراج تحسین پیش کریں گے۔ مولانا محمدامین انصاری نے مرکزی سیکریٹریٹ گلشن اقبال میں صحافیوں و میڈیا ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے حوالے سے امریکی صدر ٹرمپ کا غزہ بورڈآف پیس کا منصوبہ بری طرح ناکام ہوگیا ۔

(جاری ہے)

بے لگام خونخوار بھیڑیا اسرائیلی صدر نیتن یاہو انتقام و ضد میں اپنے ہوش و حواس کھو کر فلسطین پر تاحال مسلسل حملے کررہا ہے۔ ٹرمپ اور اقوام متحدہ خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں ۔ بے حس مسلم حکمران خواب غفلت کی چادر تانے ہوئے ہیں۔ فلسطین صرف فلسطینیوں کا ہے ،دو ریاستی حل عدل و انصاف کا قتل اور ناقابل قبول ہے ۔ فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی امیدیں فیلڈ مارشل جنرل سید حافظ عاصم منیر سے وابستہ ہیں، پاکستان کی حکومت عوام علماء اور تمام طبقات کسی صورت میں فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کو تنہا اور اسرائیل و امریکہ کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے۔