وویمنز ہاکی کے فروغ کیلے ذیشان نقوی کو اہم ذمہ داری مل گئی

ہاکی کی بحالی اور ترقی کیلئے کوشاں ہیں، وویمن ہاکی کو بھی بہتر کرینگے، محی الدین وانی

جمعرات 14 مئی 2026 19:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2026ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر اور وفاقی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ محی الدین وانی نے اسلام آباد میں وویمنز ہاکی کے فروغ کیلئے سابق ڈپٹی میر اسلام آباد سید ذیشان نقوی کو اہم ذمہ داری سونپ دی۔ اس بات کا اعلان انہوں نے شاہدہ رضا میموریل ہاکی ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں اسلام آباد گرلز ہاکی اکیڈمی کی پیٹرن عمارہ اوایس نیازی، سابق ڈپٹی میر اسلام آباد سید ذیشان نقوی، ایونٹ آرگنائزنگ سیکرٹری رفعت مسعود سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

محی الدین وانی نے کہاکہ حکومت قومی کھیل ہاکی کی بحالی اور ترقی کیلئے کوشاں ہیں، قومی مینز سنیئر اور جونیئر ٹیموں کے بعد فیڈریشن کی توجہ وویمن ہاکی کی طرف مرکوز ہے اور ہماری کوشش ہے کہ کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ ایونٹس کھیلنے کو ملیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہاکی میں پاکستان کا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے کیلئے اقدامات کررہے ہیں اور اس حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔

صدر پی ایچ ایف نے اسلام آباد میں وویمن ہاکی کے فروغ کیلئے سابق ڈپٹی میر اسلام آباد سید ذیشان نقوی کو اہم ذمہ داری سونپتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ ہاکی کے فروغ کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کرینگے۔ قبل ازیں ایونٹ کے فائنل میں اولمپین ذاکر ہاکی اکیڈمی واہ نے اسلام آباد گرلز ہاکی اکیڈمی کو صفرکے مقابلے میں سات گولز سے شکست دی۔ میچ میں فاتح ٹیم کی طرف سے عنایا بتول نے تین جبکہ شیریں فاطمہ اور اریبہ اسلم نے دو، دو گولز کے۔ اختتامی تقریب میں محی الدین وانی نے کھلاڑہوں میں انعامات تقسیم کئے۔