انمول عرف پنکی کے خلاف درج مقدمات کی فہرست طویل

وحدت کالونی تھانے میں درج نیا مقدمہ منظر عام پر آنے کے بعد تفتیش کا رخ لاہور کی طرف مڑ گیا

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 15 مئی 2026 11:30

انمول عرف پنکی کے خلاف درج مقدمات کی فہرست طویل
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 مئی2026ء) بدنامِ زمانہ منشیات فروش انمول عرف پنکی کے خلاف قانون کا گھیرا مزید تنگ ہوتا جا رہا ہے، اب لاہور سے بھی اس کے خلاف ایک پرانے مقدمے کا انکشاف ہوا ہے، جس نے اس کے بین الصوبائی منشیات نیٹ ورک کی قلعی کھول دی۔ تفصیلات کے مطابق منشیات فروشی کے الزامات میں گرفتار انمول عرف پنکی کے خلاف درج مقدمات کی فہرست طویل ہوتی جا رہی ہے، پولیس کے انویسٹی گیشن ونگ نے انکشاف کیا ہے کہ ملزمہ کے خلاف لاہور میں بھی ایک سنگین مقدمہ ریکارڈ پر موجود ہے، جس کے بعد اس کے پورے نیٹ ورک کی چھان بین شروع کردی گئی ہے، انمول پنکی کے خلاف یہ چوتھا مقدمہ سال 2024ء میں لاہور کے تھانہ وحدت کالونی میں درج کیا گیا تھا۔

بتایا گیا ہے کہ یہ مقدمہ اصل میں صابراں بی بی نامی خاتون کے خلاف درج ہوا تھا جس کے قبضے سے 20 گرام کوکین برآمد ہوئی تھی، گرفتاری کے بعد صابراں بی بی نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا تھا کہ وہ یہ منشیات کراچی میں موجود انمول عرف پنکی سے حاصل کرتی تھی، تفتیش میں یہ چونکا دینے والی حقیقت سامنے آئی ہے کہ صابراں بی بی کے واضح بیان اور سنگین الزامات کے باوجود اس وقت انمول پنکی کو اس مقدمے میں اشتہاری قرار نہیں دیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ پولیس اب اس قانونی پہلو کا ازسرِ نو جائزہ لے رہی ہے کہ آخر ملزمہ کو اس وقت قانون کی گرفت سے دور کیوں رکھا گیا، انویسٹی گیشن ونگ نے مختلف شہروں کے تھانوں میں درج پرانے ریکارڈز کو دوبارہ کھولنا شروع کر دیا ہے، متعلقہ ادارے اس بات کی بھی نگرانی کر رہے ہیں کہ ملزمہ کا نیٹ ورک پنجاب اور سندھ کے درمیان کس طرح فعال تھا، تمام شواہد اور بیانات کو یکجا کرکے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔