وزیراعلیٰ پنجاب کی طرح کام کرنا کسی کے بس میں نہیں، عظمیٰ بخاری

مریم نواز شریف نے شفاف طرزِ حکمرانی کو فروغ دیتے ہوئے ادارہ جاتی احتساب کی ایک نئی مثال قائم کردی، وزیراعلیٰ کی نگرانی ہر گلی اور ہر منصوبے تک محیط ہے؛ صوبائی وزیراطلاعات کا بیان

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 15 مئی 2026 11:59

وزیراعلیٰ پنجاب کی طرح کام کرنا کسی کے بس میں نہیں، عظمیٰ بخاری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 مئی2026ء) وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ دس دس گز لمبی زبانیں نکال کر تنقید کر لینا بہت آسان ہوتا ہے، لیکن وزیراعلیٰ پنجاب کی طرح کام کرنا کسی کے بس میں نہیں، وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے شفاف طرزِ حکمرانی کو فروغ دیتے ہوئے ادارہ جاتی احتساب کی ایک نئی مثال قائم کر دی ہے۔ اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت جدید لائیو ڈیش بورڈ مانیٹرنگ سسٹم کی بدولت فیصل آباد میں ہونے والی بدعنوانی کا بروقت سراغ لگا کر متعلقہ کیس اینٹی کرپشن حکام کے حوالے کر دیا گیا، وزیراعلیٰ نے پہلی بار خود کسی سرکاری منصوبے کا براہِ راست احتساب کرتے ہوئے معاملہ عوام کے سامنے رکھا اور ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ ستھرا پنجاب پروگرام میں فیصل آباد کے حوالے سے بے ضابطگیوں کی نشاندہی ہونے پر وزیراعلیٰ نے فوری طور پر آڈیٹرز کی خصوصی ٹیم موقع پر روانہ کی، جس نے تحقیقات کے دوران ٹھیکیداروں اور بعض سرکاری افسران کے درمیان ایک منظم گٹھ جوڑ کو بے نقاب کیا، تحقیقات سے ثابت ہوا کہ عوامی فنڈز کو ذاتی مفادات کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا، جو ناصرف منصوبے کی شفافیت بلکہ اس کی افادیت کو بھی متاثر کر رہا تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی کسی شکایت یا بیرونی دبا کا نتیجہ نہیں بلکہ وزیراعلیٰ کی مؤثر اور مسلسل مانیٹرنگ کا ثمر ہے، وزیراعلی مریم نواز شریف کی نگرانی ہر گلی اور ہر منصوبے تک محیط ہے، اور عوامی وسائل میں خردبرد کرنے والوں کے خلاف آہنی ہاتھ سے نمٹا جائے گا، کرپشن کے خاتمے کے لیے متعلقہ اداروں کو مکمل آزادی دی گئی ہے اور احتساب کا عمل بلا امتیاز جاری رہے گا، حکومت صرف دعوؤں تک محدود نہیں بلکہ بدعنوان عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لا کر عملی مثال قائم کر رہی ہے، دس دس گز لمبی زبانیں نکال کر تنقید کر لینا بہت آسان ہوتا ہے ،لیکن وزیر اعلی پنجاب کی طرح کام کرنا کسی کے بس میں نہیں۔