چینی کاروباری وفد کی وزیر اعظم سے اہم ملاقات

پاکستان ، چین کے درمیان تاریخی تعلقات قائم ،رواں ماہ کے آخر میں دورچین کا منتظر ہوں،شہبازشریف

جمعہ 15 مئی 2026 12:42

چینی کاروباری وفد کی وزیر اعظم سے اہم ملاقات
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2026ء) آئی بی آئی بیجنگ یونائیٹڈ ٹیکنالوجی کے بانی، صدر اور کنٹرولنگ شیئر ہولڈر چیان شیاو جون کی قیادت میں 11 رکنی اعلیٰ سطح کے چینی کاروباری وفد نے وزیر اعظم شہباز شریف سے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ملاقات میں وفاقی وزیر سرمایہ کاری جناب قیصر احمد شیخ، وفاقی وزیرِ تجارت جناب جام کمال خان، وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کام شزہ فاطمہ خواجہ، وفاقی وزیر پیٹرولیم جناب علی پرویز ملک، معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار جناب ہارون اختر، معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی تعلقات قائم ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے صدر شی جن پنگ کی مدبرانہ قیادت میں چین کی شاندار ترقی کو سراہا اور کہا کہ وہ رواں ماہ کے آخر میں اپنے دورچین کے منتظر ہیں۔وزیر اعظم نے آئی بی آئی گروپ کے پاکستان میں اپنے ڈیجیٹل اکانومی ہیڈکوارٹر قائم کرنے کے فیصلے کو سراہا اور پاکستان و چین کے درمیان کاروباری سطح پر بڑھتے ہوئے تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ امر نہایت حوصلہ افزا ہے کہ آئی بی آئی ڈیجیٹل، معیشت میں تعاون، سرمایہ کاری کے فروغ اور صنعتی اشتراک کو فروغ دے گا۔پاکستانی معیشت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے چیان شیاو جون نے کہا کہ آئی بی آئی پاکستان کی معیشت میں ڈیجیٹل اصلاحات میں معاونت کا خواہاں ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آئی بی آئی کے ڈیجیٹل اکانومی ہیڈکوارٹر کا قیام اس ضمن میں انتہائی مثبت ثابت ہوگا اور پاکستان کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (SMEs) کو چینی مارکیٹ تک رسائی فراہم کرکے بے شمار مواقع مہیا کرے گا۔

واضح رہے کہ یہ وفد وزیر اعظم کے ستمبر 2025 میں دور بیجنگ کے دوران منعقدہ پاکستان-چین بزنس ٹو بزنس سرمایہ کاری کانفرنس کے تسلسل میں پاکستان کا دورہ کر رہا ہے۔