وزیراعظم سے چینی وفد کی ملاقات؛ بڑی ٹیکنالوجی کمپنی کا پاکستان میں 'ڈیجیٹل ہیڈ کوارٹر' قائم کرنے کا اعلان

یہ ہیڈ کوارٹر ڈیجیٹل معیشت، سرمایہ کاری میں سہولتکاری و صنعتی تعاون کو فروغ دینے کیلئے کمانڈ سینٹر کے طور پر کام کرے گا، دونوں ممالک کے درمیان بزنس ٹو بزنس تعاون میں اضافہ خوش آئند ہے؛ شہبازشریف کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 15 مئی 2026 12:27

وزیراعظم سے چینی وفد کی ملاقات؛ بڑی ٹیکنالوجی کمپنی کا پاکستان میں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 مئی2026ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بیجنگ یونائیٹڈ ٹیکنالوجی کے بانی اور صدر چیان شیاؤ جن کی سربراہی میں 11 رکنی اعلیٰ سطح کے چینی کاروباری وفد نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی، اس ملاقات میں پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت اور صنعتی تعاون کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق یہ دورہ ستمبر 2025ء میں وزیراعظم کے دورہ بیجنگ کے دوران منعقدہ 'پاک چین بی ٹو بی انویسٹمنٹ کانفرنس' کے تسلسل میں ہو رہا ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے چینی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاک چین دوستی کو ہمہ گیر تزویراتی تعاون کی مثال قرار دیا، انہوں نے صدر شی جن پنگ کی قیادت میں چین کی غیر معمولی ترقی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ رواں ماہ کے آخر میں اپنے دورہ چین کے منتظر ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم نے بیجنگ یونائیٹڈ ٹیکنالوجی گروپ کی جانب سے پاکستان میں اپنا 'ڈیجیٹل اکانومی ہیڈ کوارٹر' قائم کرنے کے فیصلے کی تعریف کی، انہوں نے کہا کہ یہ ہیڈ کوارٹر پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت، سرمایہ کاری میں سہولت کاری اور صنعتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک کمانڈ سینٹر کے طور پر کام کرے گا، دونوں ممالک کے درمیان بزنس ٹو بزنس تعاون میں اضافہ خوش آئند ہے، جو ملکی معیشت کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔

وفد کے سربراہ مسٹر چیان شیاؤ جن نے پاکستانی معیشت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا گروپ پاکستان کی معیشت کو ڈیجیٹل بنانے کے لیے ایک مضبوط ڈھانچہ فراہم کرے گا، یہ ڈیجیٹل ہیڈ کوارٹر پاکستان کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے لیے چین کی وسیع مارکیٹ تک رسائی کا راستہ بنے گا، جس سے برآمدات میں اضافہ ہوگا۔

بتایا جارہا ہے کہ اس ملاقات میں وفاقی وزراء نے بھی شرکت کی، جن میں وزیر سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ، وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر برائے آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ، اور وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک شامل ہیں، وفاقی وزراء کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام بھی ملاقات میں شریک ہوئے، جب کہ معاون خصوصی ہارون اختر اور طارق فاطمی بھی ملاقات میں موجود تھے۔