آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں پاکستان اپنا 1000 واں ون ڈے کھیلے گا

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا آغاز (آج) سے راولپنڈی میں ہوگا کھلاڑیوں نے ٹریننگ کیمپ میں بھرپور محنت کی ہے اور سب جیت کے لیے پرعزم ہیں، کپتان شاہین آفریدی کی گفتگو

جمعہ 29 مئی 2026 20:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2026ء) پاکستان آسٹریلیا کے خلاف ہفتے سے شروع ہونے والی سیریز میں اپنا 1000 واں ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلے گا۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا آغاز (آج) ہفتہ سے راولپنڈی میں ہوگا۔پہلا ون ڈے انٹرنیشنل راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جبکہ دوسرا اور تیسرا میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

سیریز میں پاکستان اپنا ایک ہزارواں ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلے گا۔اس متعلق کپتان نے کہا کہ پاکستان کا ایک ہزارواں ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنا ہمارے لیے ایک خاص لمحہ ہے۔انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے ساتھ گزشتہ دو ون ڈے سیریز میں کامیابی سے ٹیم کا اعتماد بلند ہے، راولپنڈی اور لاہور میں شائقین کی سپورٹ ہمیشہ کھلاڑیوں کے لیے حوصلہ افزا ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

کپتان پاکستان ون ڈے ٹیم شاہین شاہ آفریدی نے کہاکہ آسٹریلیا دنیا کی مضبوط ترین ٹیموں میں سے ایک ہے اور مقابلے ہمیشہ سخت ہوتے ہیں،کھلاڑیوں نے ٹریننگ کیمپ میں بھرپور محنت کی ہے اور سب جیت کے لیے پرعزم ہیں۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان اب تک 111 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے جا چکے ہیں،پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف آخری دو ون ڈے سیریز دو ایک سے اپنے نام کی تھیں۔پی سی بی پہلی بار پاکستان میں پی سی بی لائیو کے ذریعے میچز کی لائیو سٹریمنگ کرے گا۔شائقین پاکستان میں پی ٹی وی سپورٹس پر بھی میچز براہ راست دیکھ سکیں گے۔ تمام میچز شام ساڑھے چار بجے پاکستان وقت کے مطابق شروع ہوں گے۔عامر سہیل، رمیز راجہ، بازید خان، عروج ممتاز اور گریگ بلیوٹ کمنٹری پینل کا حصہ ہوں گے۔