بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑارہا ہے : حریت کانفرنس

قابض حکام کی عوام دشمن پالیسیوںکے خلاف جموں، سوپور میں احتجاجی مظاہرے

بدھ 10 جون 2026 23:03

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2026ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہاہے کہ بھارت تمام بین الاقوامی قوانین اور معاہدوںکی دھجیاں اڑاکر کشمیریوں کو ان کے بنیادی انسانی حقوق سے منظم طریقے سے محروم کررہا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مودی حکومت کالے قوانین کا غلط استعمال کر کے کشمیریوں کو من مانے طریقے سے گرفتار اور نظر بند کر رہی ہے۔

انہوں نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور جعلی ڈومیسائل فراہم کرکے علاقے میںغیر کشمیریوں کوآباد کرنے کی مذمت کی۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو ظالمانہ طریقے سے دبانے کے ساتھ ساتھ ان کی زمینوں اور جائیدادوں پر بھی قبضہ کر رہا ہے۔ راجوری کے علاقوں گمبھیر موگلہ اورڈوریمل میں بھارتی فوج کا آپریشن بدھ کو مسلسل 19ویں روز بھی جاری رہا جہاں گھنے جنگلات سے مسلسل شدید فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں آرہی ہیں۔

محکمہ صحت میں یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ملازمین نے جموں میں حکومت کی مزدور دشمن پالیسیوں کے خلاف زبردست احتجاج کیا۔ متحدہ محاذ کے بینر تلے احتجاج کرنے والے کارکنوں نے اس حکمنامے کی مذمت کی جس میں انہیں حاضری کے لیے موبائل ایپ پر ذاتی تفصیلات اپ لوڈ کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔سوپور میں کئی علاقوں کی خواتین نے پینے کے پانی کی شدید قلت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سڑک کو بند کر دیا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ ایک ماہ سے دریاؤں کا غیر محفوظ پانی پینے پر مجبور ہیں جس سے بچوں اور بزرگوں کی صحت کو شدید خطرات لاحق ہیں۔اوڑی کے علاقے کمل کوٹ میں قائم ایک فوجی کیمپ میں سامان کی نقل وحمل کے دوران دستی بم پھٹنے سے دو بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے۔ سرینگر جموں ہائی وے پر ایک سڑک حادثے میں بھارتی پیراملٹری بی ایس ایف کے دو اہلکار زخمی ہو گئے۔

ڈائریکٹوریٹ آف انفارمیشن اینڈ پبلک ریلیشنز نے کشمیر کے سب سے بڑے اردو روزنامے ’’کشمیر عظمیٰ‘‘ کو اپنی مطبوعات کی سرکاری فہرست سے خارج کردیاہے۔ میڈیا حلقوں نے اس اخراج کو من مانی اور سیاسی انتقام قرار دیا۔بی جے پی حکومت نے جموں کے علاقے بشنہ میں دو بھائیوں کے مکانات مسمار کر دیے۔بھارت کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں کالے قانون یواے پی اے کے تحت تقریباً ساڑھے تین سال سے نظربند انسانی حقوق کے معروف کشمیری کارکن خرم پرویز کودہلی ہائی کورٹ نے ضمانت دے دی۔کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ نے اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب میں ممتاز حریت رہنمائوں سعداللہ تانترے اور مصدق عادل کو ان کی برسیوں پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔