ضلعی انتظامیہ ، ڈسٹرکٹ یوتھ آفس اور میٹرکس پاکستان کے اشتراک سے ہزارہ یونیورسٹی بٹگرام کیمپس میں یوتھ سمٹ

منگل 16 جون 2026 17:45

بٹگرام (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2026ء) ضلعی انتظامیہ بٹگرام، ڈسٹرکٹ یوتھ آفس اور میٹرکس پاکستان کے اشتراک سے ہزارہ یونیورسٹی بٹگرام کیمپس میں ضلع کی تاریخ کا سب سے بڑا یوتھ سمٹ منعقد ہوا۔ سمٹ میں نوجوانوں کو تعلیم، ٹیکنالوجی، کاروباری مواقع، ڈیجیٹل مہارتوں، قیادت اور مستقبل کے روزگار کے حوالہ سے آگاہی فراہم کی گئی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی تاج محمد خان ترند، مشیر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا برائے کھیل و امورِ نوجوانان تھے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ انٹرنیٹ کو صرف تفریح کی بجائے سیکھنے، ہنر حاصل کرنے، کاروبار شروع کرنے اور اپنی زندگی بہتر بنانے کیلئے استعمال کریں۔ تقریب سے ڈپٹی کمشنر بٹگرام محمد شعیب، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بٹگرام قمر حیات خان، وائس چانسلر ہزارہ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اکرام اللہ خان اور ڈائریکٹر ہزارہ یونیورسٹی بٹگرام کیمپس ڈاکٹر طارق انور خان نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر بٹگرام محمد شعیب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پروگرام میں نوجوانوں کی غیر معمولی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ بٹگرام کے نوجوان سیکھنے، آگے بڑھنے اور مثبت تبدیلی لانے کیلئے پُرعزم ہیں، ایسے پروگرام نوجوانوں کو کامیاب کاروباری شخصیات اور ماہرین سے سیکھنے کے مواقع فراہم کریں گے۔ انہوں نے نوجوانوں کو معاشرہ میں ذمہ دار شہری بننے اور جدید ٹیکنالوجی کو مثبت مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی تلقین کی اور کہا کہ اس پروگرام سے نوجوانوں کیلئے نئی راہیں کھلیں گی۔

تقریب کے دوران نوجوانوں کیلئے کئی اہم اعلانات بھی کئے گئے۔ اس کے علاوہ تقریب کا ایک اہم حصہ پرائیڈ آف خیبر پختونخوا ایوارڈز تھا۔ تقریب کے اختتام پراس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ضلع بٹگرام میں نوجوانوں کی ترقی، مہارتوں کے فروغ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے ایسے پروگرام مستقبل میں بھی جاری رکھے جائیں گے۔