واقعہ کربلا حق، عدل اور اتحادِ امت کا لازوال پیغام ہے. علامہ حامد سعید کاظمی

جمعرات 18 جون 2026 20:05

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2026ء) سابق وفاقی وزیر مذہبی امور اور سربراہ نظامِ مصطفیٰ پارٹی، مفکرِ اسلام صاحبزادہ علامہ سید حامد سعید کاظمی نے کہا ہے کہ حضرت امام حسینؓ کا اسوۂ حسینی پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ محرم الحرام ہمیں اخوت، اتحادِ امت، ایثار اور قربانی کا درس دیتا ہے جبکہ واقعۂ کربلا حق و باطل کے درمیان ایک ایسا معرکہ تھا جس نے دینِ اسلام کی بقا کو یقینی بنایا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن اور رائل انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (رمز کالج) ملتان کے زیر اہتمام منعقدہ بارہویں سالانہ ’’سلام یا حسینؓ‘‘ سیمینار سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار کی صدارت ڈائریکٹر حج، وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پاکستان ریحان عباس کھوکھر نے کی جبکہ مخدوم شعیب اکمل قریشی ہاشمی، میاں محمد ماجد، پروفیسر ڈاکٹر ریاض حسین، ڈاکٹر نثارالرحمان اور نعیم اقبال نعیم سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

علامہ حامد سعید کاظمی نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانی امن، عدل، مساوات اور بھائی چارے کا درس دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسوۂ حسینی ہمیں ظلم و جبر کے خلاف ڈٹ جانے اور ہر حال میں حق و سچ کا ساتھ دینے کی تلقین کرتا ہے۔ صدرِ مجلس ریحان عباس کھوکھر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں شیعہ اور سنی کے درمیان کوئی بنیادی اختلاف نہیں، بلکہ چند شرپسند عناصر اتحاد کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں۔ مقررین نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ واقعۂ کربلا کے حقیقی پیغام کو عام کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، اتحادِ امت، فلسطین، کشمیر اور دیگر مظلوم مسلمانوں کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔