پائیدار امن کیلئے فرقہ واریت کا جڑ سے خاتمہ اشد ضروری ہے،طارق مدنی

حکومت سے فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے 17نکاتی ضابطہ اخلاق پر جلد قانون سازی کا مطالبہ

اتوار 21 جون 2026 18:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2026ء) پاکستان امن کونسل کے سربراہ طارق محمود مدنی نے حکومت سے فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے ملی یک جہتی کونسل کی17نکاتی ضابطہ اخلاق پر جلد از جلد قانون سازی کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ فرقہ واریت کے خاتمے کے بغیر ملک میں پائیدار امن کا قیام نا ممکن ہے اسلام و ملک دشمن قوتیں فرقہ واریت کی آگ بھڑکا کر وطن عزیز میں افراتفری پیدا کرنے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہیں ان کا قلع قمع کرنے کیلئے ملی یک جہتی کے 17نکاتی ضابطہ اخلاق پر فی الفور قانون سازی نا گزیر ہے ان خیالات کا اظہار طارق مدنی نے المدنی اسلامک اکیڈمی شیرشاہ میں منعقدہ امن وامان کے سلسلے کی تقریب کی صدارت کرتے ہوئے طارق مدنی نے کہا کہ ملی یک جہتی کے ضابطہ اخلاق پر علامہ شاہ احمد نورانی، قاضی حسین احمد، علامہ ضیاالقاسمی علامہ ساجد نقوی، مولانا سمیع الحق، مولانا پروفیسر ساجد میر و دیگر علما کرام کے دستخط موجود ہیں جبکہ دور حاضر کے تمام مکاتب فکر کے علما کرام نے بھی ضابطہ اخلاق پر تجدیدی دستخط کردئے ہیں لہذا اب ضابطہ اخلاق کو منظور کرانے میں کسی قسم کی بھی رکاوٹ نہیں ہے اور اگر اب بھی حکومت فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے سنجیدہ نہ ہوئی تو پھر یہ قوم کیلئے بڑی بد قسمتی کی بات ہو گی انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک میں پائیدار امن و استحکام کے لیے فرقہ واریت و مذہبی دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ اشد ضروری ہے۔