Live Updates

تجارتی جہازپرایرانی حملے کے بعد ایران پر مزید فضائی حملے کیے، سینٹکام

ایران نے امریکی حملوں کے جواب میں بحرین اور کویت میں امریکی تنصیبات پر حملے کئے ، ایراینی میڈیا

اتوار 28 جون 2026 20:10

واشنگٹن /تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2026ء) امریکی سینٹرل کمانڈ ( سینٹکام )نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں ایک تجارتی جہاز پر ایرانی حملے کے جواب میں ایران میں متعدد فوجی اہداف پر فضائی کارروائی کی ہے۔سینٹ کام کے مطابق ایرانی فورسز کے پاناما کے پرچم بردار آئل ٹینکر کو ڈرون سے نشانہ بنایا، جو آبنائے ہرمز کے قریب تقریبا 20 لاکھ بیرل خام تیل لے کر گزر رہا تھا۔

حملے کے جواب میں امریکی فوج نے ایران کی فوجی نگرانی کے نظام، مواصلاتی مراکز، فضائی دفاعی تنصیبات، ڈرون ذخیرہ گاہوں اور بارودی سرنگیں بچھانے کی صلاحیت سے متعلق اہداف کو نشانہ بنایا۔دوسری جانب ایران نے امریکی حملوں کے جواب میں بحرین اور کویت میں امریکی تنصیبات پر حملے کئے ایرانی خبر رساں اداروں کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیاکہ بحرین اور کویت میں امریکی تنصیباب کو میزائل اورڈرون سے نشانہ بنایا، ایرانی نیوی اور ائیر و اسپیس فورس نے مشترکہ طورپر امریکی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔

(جاری ہے)

پاسداران انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ یہ حملے ایران پر حالیہ امریکی حملوں کے جواب میں کیے گئے۔ایرانی پاسداران انقلاب نے ایران پر حملوں کو اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی شق 1 کے منافی قرار دیا اور خبردار کیا کہ اس کے نتیجے میں تمام سفارتی عمل مکمل طورپر روک دیا جائیگا۔پاسدارانِ انقلاب نے کہا کہ آئندہ خلاف ورزی کرنے پر زیادہ سخت کارروائی کی جائے گی اور ایران کے خلاف کسی بھی دشمنانہ اقدام کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات