مرکزی جماعت اہلسنّت کی آل پارٹیز کانفرنس آج ہوگی

علماء کرام، مشائخ عظام، سجادگان، خطباء اور اہلِ سنت کی نمائندہ تنظیموں کے قائدین شرکت کریں گے

بدھ 1 جولائی 2026 21:15

کراچی (این این آئی مرکزی جماعتِ اہلِ سنت کراچی ڈویژن کے زیرِ اہتمام آج (2 جولائی 2026ء، بروز جمعرات) سہ پہر 3:00 بجے دارالعلوم غوثیہ، پرانی سبزی منڈی، نزد عسکری پارک، کراچی میں تنظیماتِ اہلِ سنت کی ایک اہم آل پارٹیز کانفرنس منعقد ہوگی، جس میں علماء کرام، مشائخ عظام، سجادگان، خطباء اور اہلِ سنت کی نمائندہ تنظیموں کے قائدین شرکت کریں گے۔

کانفرنس میں گزشتہ دنوں جیو نیوز کے پروگرام سفرِ عشق، ڈرامہ ضبط اور بعض دیگر نشریات میں مبینہ طور پر نشر کیے گئے قابلِ اعتراض مواد کے حوالے سے پیدا ہونے والی تشویش، ناموسِ رسالت ﷺ، حرمتِ اہلِ بیتِ اطہارؓ اور دیگر مقدساتِ اسلام کے تحفظ، نیز مذہبی معاملات میں میڈیا کے کردار پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔ منتظمین کے مطابق کانفرنس میں حکومتِ پاکستان، پیمرا اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا جائے گا کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کر کے ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں اتحادِ اہلِ سنت کے فروغ، ناموسِ رسالت ﷺ اور مقدساتِ اسلام کے تحفظ کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی، آئینی و قانونی جدوجہد، اور عوامی سطح پر شعور بیدار کرنے کے لیے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا جائے گا۔ اس موقع پر مختلف دینی و مذہبی جماعتوں کے قائدین اپنے خطابات میں موجودہ صورتحال پر اظہارِ خیال کریں گے۔مرکزی جماعتِ اہلِ سنت کراچی ڈویژن نے تمام دینی جماعتوں، علماء کرام، مشائخ عظام، خطباء، مدارس کے ذمہ داران اور اہلِ سنت سے وابستہ تنظیموں کے نمائندگان سے اپیل کی ہے کہ وہ اس اہم اور حساس کانفرنس میں بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں تاکہ باہمی مشاورت سے ایک متفقہ، مؤثر اور آئینی لائحہ عمل مرتب کیا جا سکے اور مذہبی حساسیت کے حامل معاملات میں قومی یکجہتی، دینی اقدار اور عوامی اعتماد کے تحفظ کے لیے مشترکہ آواز بلند کی جا سکے۔

اجلاس میں الیکٹرانک، ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا کے لیے مذہبی معاملات میں واضح ضابطہ اخلاق مرتب کرنے، جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے مذہبی شخصیات سے متعلق مواد کی تیاری اور نشر و اشاعت کے حوالے سے متفقہ مؤقف اختیار کرنے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سفارشات بھی پیش کی جائیں گی۔