برہان وانی کی قربانی تحریکِ آزادی جموں وکشمیر کی تاریخ کا روشن باب ہے ، وزیراعظم آزاد کشمیر

منگل 7 جولائی 2026 21:44

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2026ء) وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ برہان وانی کی قربانی تحریکِ آزادی جموں و کشمیر کی تاریخ کا ایک روشن باب ہے، جس نے کشمیری نوجوانوں میں آزادی کی نئی روح پھونک دی اور حقِ خودارادیت کی جدوجہد کو عالمی سطح پر نئی توجہ دلائی۔ شہید برہان مظفر وانی کی دسویں برسی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ برہان وانی نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے یہ ثابت کیا کہ کشمیری عوام اپنے بنیادی حق، یعنی حقِ خودارادیت، سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ برہان وانی سمیت تحریکِ آزادی کے تمام شہداء کی عظیم قربانیاں کشمیری قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں اور انہیں ہمیشہ عزت و احترام سے یاد رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر میں جاری ظلم، جبر، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں، ماورائے عدالت قتل، جبری گرفتاریاں اور اظہارِ رائے پر پابندیاں کشمیری عوام کے جذبۂ حریت کو کمزور نہیں کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے بے مثال استقامت کے ساتھ اپنے جائز اور قانونی حق کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔وزیراعظم آزادکشمیر نے عالمی برادری، بالخصوص اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں، کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت دلانے کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔