لاہور قلندرز کی جانب سے سپیشل آرٹسٹ عمر جرال کے فن پاروں کی نمائش ، ایک گھنٹے میں تمام پینٹنگز فروخت

بدھ 8 جولائی 2026 21:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2026ء) لاہور قلندرز نے سیریبرل پالسی ( نیورالوجیکل ڈس آرڈر) کے ساتھ زندگی گزارنے والے باصلاحیت مصور عمر جرال کے فن پاروں کی خصوصی نمائش کا انعقاد کیا۔ اس منفرد تقریب کا مقصد عمر جرال کی غیر معمولی فنی صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کرنا اور ایک ایسے معاشرے کے فروغ کے عزم کا اظہار کرنا تھا جہاں ہر فرد کو برابری کے مواقع اور عزت دی جائے۔

یہ نمائش بدھ کے روز مقامی ریسٹورنٹ میں منعقد ہوئی جہاں کرکٹرز، فنون لطیفہ سے وابستہ شخصیات، کاروباری رہنمائوں، شوبز شخصیات اور دیگر معزز مہمانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ نمائش میں پیش کیے گئے عمر جرال کے 50 فن پارے صرف ایک گھنٹے کے اندر فروخت ہوگئے جبکہ مجموعی فروخت 20 لاکھ روپے سے تجاوز کر گئی۔

(جاری ہے)

تقریب میں پاکستان اور لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، چوہدری اعتزاز احسن اور ان کی اہلیہ بشریٰ اعتزاز، سماجی رہنما صباحت رفیق، شاہد علی، امریکہ کے صدر کے سابق مشیر، ٹی وی میزبان تابش ہاشمی، عمر میر، عمران زاہد اور اینکر سویرا پاشا سمیت متعدد ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔ ان معزز مہمانوں میں سے کئی نے عمر جرال کے فن پارے خرید کر ان کی حوصلہ افزائی کی ۔

اس موقع پر لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا نے کہا کہ لاہور قلندرز میں ہمارا یقین ہے کہ ہر خواب کو پورا ہونے کا موقع ملنا چاہیے اور ہر صلاحیت کو پہچان، حوصلہ افزائی اور پذیرائی ملنی چاہیے۔ عمر جرال کی زندگی کا سفر بے حد متاثر کن ہے۔ سیریبرل پالسی جیسے چیلنج کے باوجود ان کی ہمت، صبر اور اپنے فن سے محبت اس بات کا ثبوت ہے کہ عزم و حوصلے کے سامنے کوئی رکاوٹ بڑی نہیں ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ اس نمائش کے ذریعے لاہور قلندرز نے نہ صرف عمر جرال اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا بلکہ ان کے فن کو ایک موثر پلیٹ فارم فراہم کرتے ہوئے ان کی فلاح و بہبود کے لیے فنڈز اکٹھا کرنے میں بھی اپنا کردار ادا کیا۔ عمر کی کہانی ہم سب کو یہ پیغام دیتی ہے کہ ہمیں ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینا چاہیے جہاں خصوصی بچوں کی حوصلہ افزائی کی جائے، انہیں مساوی مواقع فراہم کیے جائیں اور ان کی صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائے۔ تقریب کے دوران لاہور قلندر کے آفیشل پارٹنر برگر او کلاک نے اس روز کی مجموعی فروخت کا 15 فیصد عمر جرال کے نام کرنے کا اعلان کیا جس نے اس فلاحی اقدام کو مزید موثر اور کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔\932