وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ سے مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے وفد کی ملاقات ، انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی

جمعرات 9 جولائی 2026 14:44

وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ   سے مسلم لیگ (ن) ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2026ء) وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ سے مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے وفد نے ملاقات کی۔ وزارت بین الصوبائی رابطہ کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے آئندہ انتخابات اور مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں پاکستان تحریکِ انصاف کے متعدد رہنماؤں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

وفد نے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج کے بعد آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی و امن و امان کی صورتحال سے بھی آگاہ کیا اس کے علاوہ انتخابی مہم، عوامی رابطہ مہم اور پارٹی کی انتخابی تیاریوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام کو اپنی آزادانہ رائے کے مطابق نمائندے منتخب کرنے کے لیے سازگار اور پرامن ماحول کی فراہمی ناگزیر ہے۔ انہوں نے آزاد کشمیر میں شفاف، غیرجانبدار اور پرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عوام کے ووٹ کا تحفظ اور انتخابی عمل کی ساکھ ہر صورت یقینی بنائی جائے گی، مسلم لیگ (ن) بھرپور عوامی رابطہ مہم کے ذریعے تمام انتخابی حلقوں میں بھرپور حصہ لے گی۔