Live Updates

وفاقی وزیرریلوے سے ایران کے وزیر داخلہ کی اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ اہم ملاقات ،اسلام آباد-تہران-استنبول ٹرین سروس بحال کرنے پر تبادلہ خیال

بدھ 22 جولائی 2026 12:18

وفاقی وزیرریلوے سے ایران کے وزیر داخلہ کی اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2026ء) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان میں ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم بھی موجود تھے، ملاقات میں دونوں برادر ممالک کے درمیان ریلوے تعاون، سرحد پار رابطوں اور باہمی تجارت کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر اسلام آباد-تہران-استنبول (آئی ٹی آئی) فریٹ ٹرین سروس کی بحالی پر تبادلہ خیال سمیت 1959 کے دوطرفہ ریلوے معاہدے اور 2025 کے فریم ورک آف کوآپریشن کے تحت تکنیکی و تجارتی روابط کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ مین لائن-3 ،پاکستان اور ایران کے درمیان ریلوے رابطے کا بنیادی کوریڈور ہے۔

(جاری ہے)

اس اہم لائن کی اپ گریڈیشن کا کام اسی مالی سال میں شروع ہونے کی توقع ہے جو دسمبر 2029 تک مکمل ہوگا، جس سے علاقائی تجارت کو بے پناہ فروغ ملے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ایرانی ریلوے کی درخواست پر تفتان ریلوے اسٹیشن کو 'کسٹمز کلیئرنس اسٹیشن' کا درجہ دے دیا گیا ہے تاکہ سرحد پار مال برداری میں آسانی ہو۔ حنیف عباسی نے زاہدان-تفتان سیکشن کی بحالی پر ایرانی اقدامات کو سراہا اور حالیہ بحران کے دوران ایرانی قوم، سپریم لیڈر اور قیادت کی استقامت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے شہداء کو عقیدت پیش کی۔

ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے گرمجوش میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک ایران تعلقات تاریخی اور انتہائی گہرے ہیں، جو گزشتہ دو برسوں میں مثالی سطح تک پہنچے ہیں۔ انہوں نے حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان کی غیر متزلزل حمایت، بالخصوص وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی مؤثر سفارتی کاوشوں اور مخلصانہ کوششوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ ایرانی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں پاکستان کے اس برادرانہ اور مخلصانہ کردار کو ایرانی قوم ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھے گی اور یاد رکھے گی۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات