شاہ رخ خان کیساتھ کام کا تجربہ شاندار رہا، بھارتی مہمان نوازی، انکساری اور فراخ دلی کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں، جاوید شیخ

فلم میں کام کیلئے ایک روپیہ معاوضہ طلب کیا تاہم دیا گیا معاوضہ میری توقعات سے زیادہ تھا، اداکار کی نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو

جمعہ 24 جولائی 2026 02:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2026ء) سینئر اداکار جاوید شیخ نے کہا ہے کہ بالی ووڈ سٹار شاہ رخ خان کیساتھ کام کا تجربہ انتہائی شاندار رہا، بھارت کی مہمان نوازی، انکساری اور فراخ دلی کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے جاوید شیخ نے بتایا کہ شاہ رخ خان کی عاجزی اور خوش اخلاقی نے مجھ پر گہرا اثر چھوڑا اور فلم کی شوٹنگ کے دوران ان کے رویے نے مجھے ہمیشہ کیلئے متاثر کیا۔

انہوں نے بتایا کہ فلم کی ہدایت کار فرح خان نے ذاتی طور پر مجھے شاہ رخ خان کے والد کے کردار کی پیشکش کی تھی، مگر جب بعدازاں پروڈکشن ٹیم نے معاہدے کیلئے مجھ سے رابطہ کیا تو میں نے فلم کے لیے معاوضہ لینے سے انکار کر دیا۔جاوید شیخ کے مطابق میں نے پروڈکشن ٹیم سے کہا کہ بالی ووڈ کی اتنی بڑی فلم میں اہم کردار کیلئے منتخب ہونا ہی میرے لئے اعزاز کی بات ہے، اس نوعیت کی فلم میں پاکستان کی نمائندگی کرنا مالی معاوضے سے کہیں زیادہ اہم تھا۔

(جاری ہے)

اداکار نے بتایا کہ جب پروڈکشن منیجر نے اصرار کیا کہ ایک پیشہ ور فنکار بغیر معاوضے کے کام نہیں کر سکتا، تو میں نے کہا کہ میں صرف 1روپیہ بطور معاوضہ قبول کروں گا، میرے اس غیر متوقع جواب پر فرح خان اور شاہ رخ خان بھی حیران رہ گئے۔جاوید شیخ کے مطابق فلم سازوں نے میرے جذبے اور خلوص کو سراہا، تاہم مجھے محض علامتی معاوضے پر کام کرنے کی اجازت نہیں دی، اس کے بجائے مجھے ایسا معاوضہ دیا گیا جو میری توقعات سے بھی زیادہ تھا۔