میجر طفیل محمد شہید نشانِ حیدر کو 68ویں یوم شہادت پر عسکری قیادت و مسلح افواج کا خراجِ عقیدت

ہفتہ 8 اگست 2026 00:46

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2026ء) چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسزفیلڈ مارشل سید عاصم منیر، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف،پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور پاکستان کی مسلح افواج نے میجر طفیل محمد شہید( نشانِ حیدر )کے68ویں یوم شہادت پر ان کی غیر معمولی بہادری، فرض سے غیر متزلزل وابستگی اور وطن کے دفاع کے لیے دی گئی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

جمعہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر)سے جاری بیان کے مطابق میجر طفیل محمد شہید نے دشمن افواج کے خلاف جرات مندانہ حملے کی قیادت کرتے ہوئے بے مثال بہادری اور غیر متزلزل عزم کا مظاہرہ کیا۔ شدید زخمی ہونے کے باوجود انہوں نے ناقابلِ تسخیر حوصلے اور ثابت قدمی کے ساتھ لڑائی جاری رکھی اور اپنے مشن کی کامیاب تکمیل کو یقینی بنایا۔

(جاری ہے)

ان کی نمایاں دلیری اور عظیم قربانی کے اعتراف میں انہیں نشانِ حیدرسے نوازا گیا، جو ملک کا اعلیٰ ترین عسکری اعزاز اور شجاعت کی اعلیٰ ترین علامت ہے۔اس موقع پر پاکستان کے عوام اور مسلح افواج میجر طفیل محمد شہید اور وطنِ عزیز کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام شہداء کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ان کی جرات، حب الوطنی اور ایثار کی روشن مثال آنے والی نسلوں کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہے گی اور وطن کے ہر محافظ کو اپنے فرض کی ادائیگی کے لیے حوصلہ اور عزم فراہم کرتی رہے گی۔