ڈیٹنگ ایپ پر دوستی، باکو جانے والی خاتون ممکنہ جنسی استحصال کے معاملے پر آف لوڈ، اہم انکشافات

خاتون مسافرنے ماضی میں اپنے جنسی استحصال اور جسمانی تشدد سے متعلق بھی اہم معلومات فراہم کیں جعلی دستاویزات پر ملائیشیاء جانیوالے دو،جعلی امریکی پی آر کارڈ پر سعودی عرب کا سیاحتی ویزا حاصل والا مسافر آف لوڈ

اتوار 9 اگست 2026 15:10

اسلام آباد/لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2026ء) ایف آئی اے نے مبینہ جعلی میڈیکل دستاویزات پر ملائیشیا ء جانے والے 2 مسافروں جبکہ باکو جانے والی خاتون مسافر کو ممکنہ جنسی استحصال کے معاملے پر آف لوڈ کر دیا گیا۔نجی ٹی وی کے مطابق ایف آئی اے کے امیگریشن سرکل نے خاتون کو آف لوڈ کر دیا، ملائیشیا جانے والے وسیم حیدر اور ساجد پرویز کو جعلی میڈیکل دستاویزات کے ذریعے اصل سفری مقصد چھپانے پر جبکہ باکو جانے والی حمنہ شکیل کو مشکوک سفری مقصد اور ممکنہ جنسی استحصال،انسانی اسمگلنگ کے شبہ میں گرفتار کر کے مزید قانونی کارروائی کے لیے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی کے حوالے کر دیا گیا۔

خاتون حمنہ شکیل کو آذربائیجان کے شہر باکو جاتے ہوئے مشکوک سفری مقصد کی بنیاد پر مزید پوچھ گچھ کے لیے روکا گیا، دوران تفتیش خاتون مسافر نے انکشاف کیا کہ وہ ایک ڈیٹنگ ایپ کے ذریعے رابطے میں آنے والے ایک شخص سے ملاقات کے لیے باکو جا رہی تھی جس کے عوض اسے مبینہ طور پر 3 لاکھ روپے ملنے تھے جبکہ سفر اور رہائش کے اخراجات بھی مذکورہ شخص کی جانب سے برداشت کیے جانے تھے۔

(جاری ہے)

خاتون کے موبائل فون کی رضاکارانہ جانچ کے دوران متعدد مشتبہ چیٹس اور ایسے رابطوں کا انکشاف ہوا جن میں رقم کے عوض جنسی ملاقاتوں سے متعلق گفتگو موجود تھی۔ مسافرہ نے ماضی میں اپنے جنسی استحصال اور جسمانی تشدد سے متعلق بھی اہم معلومات فراہم کیں جبکہ کراچی میں ایک مبینہ نیٹ ورک کے ذریعے اسے دیگر خواتین کے ساتھ رکھنے اور استحصال کیے جانے کے دعوے بھی سامنے آئے۔

ابتدائی معلومات کی روشنی میں حمنہ شکیل کے معاملے میں جنسی استحصال اور انسانی اسمگلنگ کے پہلوئوں سمیت تمام حقائق کی جامع تحقیقات کی جا رہی ہیں، مسافرہ کو متاثرہ فرد کے طور پر بھی مزید قانونی و حفاظتی پہلوئوں سے جانچا جا رہا ہے۔علاوہ ازیں ایف آئی اے امیگریشن سیل نے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی امریکی پرمیننٹ ریزیڈنس کارڈ کی بنیاد پر سعودی عرب کا ٹورسٹ ویزا حاصل کرنے والے مسافر کو آف لوڈ کر دیا۔

ایف آئی اے کے مطابق سیکنڈری پروفائلنگ کے دوران پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی پرواز PK-841 کے ذریعے سعودی عرب جانے والے ایک مسافر کو روک لیا گیا جس کا تعلق ضلع پشاور سے ہے۔حکام کے مطابق سفری دستاویزات کی تفصیلی جانچ کے دوران انکشاف ہوا کہ مسافر نے جعلی اور غلط بیانی پر مبنی امریکی پرمیننٹ ریزیڈنس کارڈ کے ذریعے سعودی عرب کا ٹورسٹ ویزا حاصل کیا تھا۔ابتدائی تفتیش میں مسافر نے بتایا کہ اس نے حسین نامی ایجنٹ کو 2 لاکھ 20 ہزار روپے ادا کر کے ویزا حاصل کیا۔ ایف آئی اے نے مسافر کو آف لوڈ کر کے مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد کے حوالے کر دیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔