اٹک ،صوبہ پنجاب میں ایسا جدید اور معیاری تعلیمی نظام متعارف کرایا جا رہا ہے جس کے ثمرات غریب اور متوسط طبقے کے بچوں تک بھی پہنچیں گے,رانا سکندر

جمعہ 14 اگست 2026 17:10

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2026ء) صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف تعلیمی میدان میں انقلاب برپا کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہیں اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ صوبہ پنجاب میں ایسا جدید اور معیاری تعلیمی نظام متعارف کرایا جا رہا ہے جس کے ثمرات غریب اور متوسط طبقے کے بچوں تک بھی پہنچیں گے اور انہیں اعلیٰ تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی کے حصول کے یکساں مواقع میسر آئیں گے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار اٹک میں طلبہ و طالبات میں اسناد اور لیپ ٹاپس تقسیم کرنے کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں رکن قومی اسمبلی و سپریم جوڈیشل کونسل شیخ آفتاب احمد، رکن صوبائی اسمبلی ملک اعتبار خان، ڈپٹی کمشنر اٹک ڈاکٹر مدثر احمد شاہ، ڈی پی او اٹک کیپٹن (ر) علی بن طارق، سابق صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ، چیئرمین واسا پنجاب چوہدری شیر علی، چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی پروفیسر ڈاکٹر اقبال محمود، سیکرٹری تعلیمی بورڈ راولپنڈی امجد اقبال خٹک، کنٹرولر تعلیمی بورڈ راولپنڈی اصغر اعوان، چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن اٹک ڈاکٹر محمد اظہر، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ ہولڈر ملک حمید اکبر خان، ضلعی صدر سلیم شہزاد، تحصیل صدر میاں شاہ نواز شانی، رہنما ملک حمزہ صفدر، خاتون رہنما خالدہ رعنا، بریگیڈیئر عاصم نواز، محکمہ تعلیم کے افسران، اساتذہ، طلبہ و طالبات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ ضلع اٹک کے 110 سکولوں کی آئی ٹی لیبز کو 30 کروڑ روپے کی لاگت سے اپ گریڈ کیا جائے گا، جس کا مقصد طلبہ و طالبات کو مصنوعی ذہانت (AI)، فری لانسنگ، ڈیٹا اینالیسز، روبوٹکس اور دیگر جدید علوم سے روشناس کرانا ہےرانا سکندر حیات نے کہا کہ محکمہ تعلیم پنجاب کے لیے 750 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے جو تعلیمی شعبے کی بہتری، طلبہ و طالبات کو جدید سہولیات کی فراہمی اور تعلیمی اداروں کی ترقی پر خرچ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لرن اینڈ ارن پروگرام کے ذریعے اٹک کے طلبہ و طالبات کو جدید تعلیم اور ہنر سے آراستہ کیا جا رہا ہے تاکہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ باعزت روزگار کے مواقع بھی حاصل کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں ایسا تعلیمی نظام تشکیل دیا جا رہا ہے جس میں غریب اور مستحق خاندانوں کے بچے بھی اعلیٰ تعلیم کے مواقع حاصل کر سکیں گے۔ اس وقت صوبہ پنجاب میں 50 ہزار سے زائد طالبات میٹرک کی سطح پر انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم حاصل کر رہی ہیں، جو حکومت کی جانب سے جدید تعلیم کے فروغ کے عزم کا مظہر ہے۔

رانا سکندر حیات نے اعلان کیا کہ ضلع اٹک کے کالجز کی آئی ٹی لیبز کو بھی اپ گریڈ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایک کمپیوٹر 270 طلبہ استعمال کرتے تھے جبکہ اب صورتحال میں نمایاں بہتری لائی گئی ہے اور 10 طلبہ و طالبات کے لیے ایک کمپیوٹر کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں محکمہ تعلیم میں کرپشن اور رشوت کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے گئے ہیں اور میرٹ، شفافیت اور کارکردگی کو ترجیح دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہونہار سکالرشپ پروگرام کے ذریعے ایک لاکھ سے زائد طلبہ و طالبات مستفید ہو چکے ہیں، جس سے مستحق اور ذہین طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے حصول میں مدد مل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ قیادت کی مؤثر پالیسیوں کے باعث بین الاقوامی سطح پر بھی پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہو رہا ہے اور دنیا میں پاکستان کی اہمیت اور پہچان میں اضافہ ہوا ہے۔

صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے ضلع اٹک میں دو یونیورسٹیوں کے کیمپسز کے قیام کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ اس اقدام سے ضلع کے طلبہ و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے مزید مواقع ان کے اپنے ضلع میں میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ مستقبل میں پنجاب کا وزیر تعلیم اٹک سے ہو اور قومی و بین الاقوامی سطح کے اہم عہدوں پر بھی اٹک کے نوجوانوں کی نمائندگی ہو۔

انہوں نے ضلع اٹک کے 10 بہترین اساتذہ کو عمرہ کی سعادت کے لیے بھجوانے کا اعلان بھی کیا۔اس کے علاوہ گرلز کالجز کے لیے پانچ پنک بسز کی فراہمی کا بھی اعلان کیا۔ اس کے علاوہ طلبہ و طالبات کے لیے اساتذہ کی زیر نگرانی ترکی کے مطالعاتی دورے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایسے مطالعاتی دورے نوجوان نسل کو عالمی تعلیمی نظام اور جدید علوم سے روشناس کرانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات میں اسناد اور لیپ ٹاپس تقسیم کیے۔ اس موقع پر طلبہ و طالبات اور اساتذہ نے حکومت پنجاب کی جانب سے جدید تعلیمی سہولیات اور حوصلہ افزائی کے اقدامات کو سراہا۔\378