استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد میں کمی، تعداد اورمالیت دونوں گھٹ گئیں

جمعرات 27 اگست 2026 17:03

استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد میں کمی، تعداد اورمالیت دونوں گھٹ گئیں
ْکراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اگست2026ء) پاکستان میں استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد میں گزشتہ مالی سال 2025-26 کے دوران تعداد اور مالیت دونوں حوالوں سے کمی کا رجحان دیکھا گیا۔دستیاب اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2025-26 کے دوران مجموعی طور پر 36 ہزار 755 استعمال شدہ گاڑیاں درآمد کی گئیں، جن کی مجموعی مالیت 187.81 ملین ڈالر رہی۔

اس کے مقابلے میں مالی سال 2024-25 کے دوران استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد زیادہ رہی تھی۔ اس عرصے میں مجموعی طور پر 43 ہزار 675 گاڑیاں درآمد کی گئی تھیں، جن کی مالیت 243.85 ملین ڈالر تھی۔

(جاری ہے)

اعداد و شمار کے مطابق ایک سال کے دوران استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد میں 6 ہزار 920 گاڑیوں کی کمی ہوئی، جبکہ درآمد شدہ گاڑیوں کی مجموعی مالیت بھی 56.04 ملین ڈالر کم رہی۔

پاکستان میں گزشتہ مالی سال استعمال شدہ گاڑیاں تین مختلف اسکیموں کے تحت درآمد کی گئیں، جن میں ذاتی سامان، تحفہ اور منتقلی رہائش اسکیمیں شامل ہیں۔درآمدی اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ گزشتہ مالی سال استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد میں نہ صرف تعداد بلکہ مجموعی مالیت کے اعتبار سے بھی کمی واقع ہوئی، جو درآمدی سرگرمیوں میں نسبتاً سست روی کی عکاسی کرتی ہے۔