اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پریمیم میٹ اینڈ گریٹ / کنسئیرج سروس خوش آمدید کا آغاز

جمعرات 27 اگست 2026 20:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اگست2026ء) اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پریمیم میٹ اینڈ گریٹ / کنسئیرج سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا جو مسافروں کو مزید سہولت فراہم کرنے اور ایئرپورٹ پر مجموعی سفری تجربے کو بہتر بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ترجمان پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد علی نے افتتاحی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

تقریب میں ایڈیشنل سیکرٹری-IV (ڈیفنس ڈویژن) میجر جنرل قیصر سلیمان، ڈائریکٹر جنرل پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی ایئر وائس مارشل زیشان سعید، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی اے ایئر وائس مارشل عامر حیات، چیف کوآرڈینیٹر ایوی ایشن وزارتِ دفاع کرنل عرفان حسن، ڈائریکٹر اے پی ایس تاشفین اشرف، چیف آپریٹنگ آفیسر/ایئرپورٹ منیجر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ افتاب گیلانی، سینئر جوائنٹ ڈائریکٹر کمرشل اور دیگر پی اے اے حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب میں لیفٹیننٹ جنرل (ر) رضوان اختر ، ایئر مارشل (ر)ارشد محمود ملک ، سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی اے سمیت دیگر معزز مہمان بھی شریک ہوئے۔تقریب کا آغاز مخصوص خوش آمدید پریمیم میٹ اینڈ اسسٹ سروس کوریڈور میں ربن کاٹنے کی تقریب سے ہوا جس کے ساتھ ہی اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سروس کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔ بعد ازاں معزز مہمانوں نے سروس کی سہولیات کا دورہ کیا، جس میں بین الاقوامی روانگی اور آمد کے لئے مختص خصوصی کوریڈورز اور ویٹنگ ایریاز بھی شامل تھے۔

اس موقع پر سیکرٹری دفاع نے خطاب کرتے ہوئے ایئرپورٹ مینجمنٹ اور لائسنس یافتہ ادارے کی جانب سے سروس کے کامیاب آغاز کے لئے کی جانے والی مشترکہ کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے ایئرپورٹ پر مسافروں کو بہتر، بلاتعطل اور مسافر دوست سہولیات فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ڈائریکٹر جنرل پی اے اے ایئر وائس مارشل ذیشان سعید نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی بین الاقوامی ایئرپورٹ معیار کے مطابق جدید، مؤثر اور مسافر مرکز سہولیات کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر (ر) اور ایئر مارشل ارشد محمود ملک (ر) نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور سروس کی نمایاں خصوصیات پر روشنی ڈالتے ہوئے اس کے آغاز میں ٹیم اور ایئرپورٹ مینجمنٹ کی کاوشوں کو سراہا۔پریمیم میٹ اینڈ گریٹ / کنسئیرج سروس کا مقصد ایسے مسافروں کو ہموار اور ذاتی نوعیت کا ایئرپورٹ تجربہ فراہم کرنا ہے جو اضافی آرام، سہولت اور خصوصی معاونت کے خواہاں ہوں۔ سروس کے تحت بین الاقوامی آمد اور روانگی کے لئے مخصوص کوریڈورز اور ویٹنگ ایریاز بھی فراہم کئے گئے ہیں۔