سندھ مسائلستان بن چکا، عوامی مسائل رشوت کے بغیر حل نہیں ہوتے، راشد سومرو

محسن نقوی عوامی نوکری کریں، ان کے بیان سے لگتا ہے کسی اور کی نوکری کر رہے ہیں، سندھ میں لاکھوں بچے تعلیم سے محروم ہیں، جے یو آئی رہنماء

بدھ 9 ستمبر 2026 21:25

ٹنڈوالہیار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2026ء) جمعیت علمائے اسلام (ف) سندھ کے رہنما راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ سندھ میں نہ سڑکیں اور راستے موجود ہیں، نہ صاف پینے کا پانی دستیاب ہے اور نہ ہی صحت کی سہولیات کا معیار بہتر ہے، صوبہ مسائلستان بن چکا ہے، عوام کے مسائل رشوت کے بغیر حل نہیں ہوتے۔ٹنڈوالہیار پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے راشد محمود سومرو نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے حالیہ بیان پر شدید تنقید کی اور کہا کہ محسن نقوی کو عوام کی نوکری کرنی چاہیے، تاہم ان کے بیانات سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہ عوام کی نہیں بلکہ کسی اور کی نوکری کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں بنیادی سہولیات کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، عوام کو پینے کے صاف پانی، بہتر سڑکوں، صحت اور تعلیم سمیت دیگر بنیادی سہولیات کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا دعویٰ تھا کہ صوبے میں شہریوں کے مسائل رشوت دیے بغیر حل نہیں ہوتے، جس سے عام آدمی مزید مشکلات کا شکار ہے۔راشد محمود سومرو نے کہا کہ سندھ میں لاکھوں بچے تعلیم سے محروم ہیں اور ان کے مستقبل کے حوالے سے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔

انہوں نے شکارپور میں 13 سالہ بچے کی مبینہ طور پر شراب نوشی کے باعث ہلاکت کے واقعے پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے مطالبہ کیا کہ تحقیقات کی جائیں کہ کم عمر بچے کو شراب کس نے فراہم کی اور اسے شراب کہاں سے ملی۔جے یو آئی رہنما نے کارونجھر کے گرینائٹ کی قیمت کے حوالے سے بھی دعویٰ کیا اور کہا کہ اس قیمتی قدرتی وسائل کی مالیت دو لاکھ ڈالر سے زائد ہے، تاہم سندھ کے قدرتی وسائل سے عوام کو حقیقی فائدہ پہنچانے کیلئے شفاف اور مؤثر پالیسی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی جانب سے سندھ کے حقوق اور صوبے کی تقسیم کے حوالے سے دیے جانے والے بیانات پر بھی تنقید کی۔ راشد محمود سومرو کا کہنا تھا کہ سندھ اسمبلی میں بیٹھے لوگ ’’مرسوں مرسوں سندھ نہ ڈیسوں‘‘ کے نعرے لگا رہے ہیں، ایسا لگتا ہے کہ وہاں پیپلز پارٹی نہیں بلکہ قوم پرست جماعتیں بیٹھی ہیں۔سعید غنی کے ایم کیو ایم پاکستان کے قومی و صوبائی اسمبلی کے ارکان کو فارم 47 کی پیداوار قرار دینے سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے راشد محمود سومرو نے کہا کہ اگر دوسروں کے مینڈیٹ پر سوال اٹھایا جاتا ہے تو پھر پیپلز پارٹی کو بھی اپنے مینڈیٹ کی وضاحت کرنی چاہیے اور بتایا جائے کہ اس کا مینڈیٹ کس بنیاد پر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی جماعتوں کو صوبوں کے قیام کے معاملے پر واضح اور دوٹوک مؤقف اختیار کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں اطلاعات ملی ہیں کہ صدر آصف علی زرداری اپنے صاحبزادے کے رشتے کے سلسلے میں گئے ہیں، جبکہ پی ٹی آئی کی جانب سے صوبوں کی حمایت نہ کرنے کا اعلان سامنے آیا ہے۔راشد محمود سومرو نے مطالبہ کیا کہ مسلم لیگ (ن) بھی نئے صوبوں کے حوالے سے اپنا واضح مؤقف قوم کے سامنے پیش کرے تاکہ عوام کو معلوم ہوسکے کہ سیاسی جماعتیں اس اہم معاملے پر کیا پالیسی رکھتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام کو نعروں کے بجائے تعلیم، صحت، روزگار، صاف پانی، بہتر انفرااسٹرکچر اور بنیادی سہولیات کی ضرورت ہے، حکومت کو چاہیے کہ سیاسی بیانات اور دعووں کے بجائے عوامی مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات کرے۔