حنیف عباسی کا میر علی میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر خراجِ تحسین

ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل اور حتمی خاتمے تک پوری قوم اور حکومت اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، بیان

بدھ 30 ستمبر 2026 17:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2026ء) وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن کے دوران 3 خارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر فورسز کے جوانوں اور افسران کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

(جاری ہے)

بدھ کو وزارت ریلوے سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے دہشت گرد عناصر کے خلاف سکیورٹی فورسز کی بروقت اور موثر کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کے محافظ دہشت گردی کے عفریت کے خلاف دن رات سینہ سپر ہیں اور وطنِ عزیز کے امن و سلامتی کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔

محمد حنیف عباسی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کا غیر متزلزل عزم اور بے مثال حوصلہ لائقِ تحسین ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل اور حتمی خاتمے تک پوری قوم اور حکومت اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔