شہبازشریف حکومت میں اس صدی کی تمام پاکستانی حکومتوں کی نسبت غیرملکی سرمایہ کاری سب سے کم رہی، اسد عمر

بدترین کارکردگی اور غربت سب سے زیادہ رہی، فارم47 کی اس حکومت کو خیبرپختونخواخواہ کا اختیار دینا صوبے کے عوام پر ظلم ہے، سابق وزیر کا ٹویٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 30 ستمبر 2026 18:52

شہبازشریف حکومت میں اس صدی کی تمام پاکستانی حکومتوں کی نسبت غیرملکی ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی ۔ 30 ستمبر 2026ء ) سابق وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ شہبازشریف حکومت میں اس صدی کی تمام پاکستانی حکومتوں کی نسبت غیرملکی سرمایہ کاری سب سے کم رہی، بدترین کارکردگی اور غربت سب سے زیادہ رہی۔ ایکس پر اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ شہباز شریف حکومت اس صدی کی تمام پاکستانی حکومتوں کی نسبت جی ڈی پی کی شرحِ نمو سب سے کم، سرمایہ کاری کا تناسب سب سے کم، غیر ملکی سرمایہ کاری سب سے کم، بدترین برآمدات کی کارکردگی اور غربت سب سے زیادہ رہی۔

اسد عمر نے کہا کہ اس فارم 47 حکومت کو خیبرپختونخواخواہ کا اختیار دینا صوبے کے عوام پر  ظلم ہے۔ اسد عمر نے مزید ایک ٹویٹ میں کہا کہ دنیا کے تقریباً 7 ارب لوگ یا 85 فیصد سے زائد آبادی ان ممالک میں رہتی ہے جن کی فی کس آمدنی پاکستان سے زیادہ ہے اور اگر افریقی ممالک کو نکال دیا جائے تو یہ تعداد 98 فیصد بن جاتی ہے، افسوس کہ جس طرح سیاستدان اور اسٹیبلشمنٹ دہائیوں سے یہ ملک چلا رہے ہیں، اس نے عوام کی زندگی تباہ کردی ہے، تمام فریقین کو چاہیے کہ وہ ساتھ مل کر بیٹھیں، اپنی اپنی غلطیوں کا اعتراف کریں اور ملک کا صحیح سمت میں سفر شروع کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ملک کے معاشی زوال کی بنیادی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ پچھلے 4 سال پاکستانی معاشی ترقی کے کمزور ترین سال رہے ہیں، حکمرانوں کو کب سمجھ آئے گا کہ وہ جتنی مرضی محنت کرلیں، آئی ایم ایف سے معاہدے کرلیں یا ایس آئی ایف سی جیسے ادارے بنا لیں، جب تک اس ملک میں سیاسی بحران ختم نہیں ہوگا، تب تک معاشی ترقی کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔