کراچی میں گیس بحران، گھریلو صارفین شدید مشکلات کا شکار

طویل لوڈشیڈنگ اور کم پریشر سے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے، مہنگی ایل پی جی خریدنے سے گھریلو بجٹ پر اضافی بوجھ پڑ رہا ہے، پاسبان خواتین ونگ

بدھ 30 ستمبر 2026 19:39

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2026ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی خواتین ونگ کی صدر عزیز فاطمہ، خاتون رہنماؤں نرگس خان، الماس خاتون اور شبانہ بی بی نے کہا ہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں گیس کے بدترین بحران اور طویل لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ کئی علاقوں میں گھنٹوں گیس کی عدم فراہمی اور کم پریشر کے باعث گھریلو صارفین خصوصاً خواتین شدید پریشانی کا شکار ہیں، چولہے ٹھنڈے پڑنے سے کھانا پکانے کے معمولات متاثر ہورہے ہیں جبکہ شہری مہنگی ایل پی جی اور سلنڈر خریدنے پر مجبور ہیں۔

نہوں نے کہا کہ مہنگائی، بجلی کے بھاری بلوں اور روزمرہ اشیائے ضروریہ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے بعد گیس کا بحران شہریوں کیلئے ایک اور معاشی بوجھ بن گیا ہے۔

(جاری ہے)

گیس کی بندش سے سب سے زیادہ گھریلو خواتین متاثر ہورہی ہیں، جنہیں کھانا پکانے کیلئے متبادل ایندھن کا انتظام کرنا پڑتا ہے۔پاسبان خواتین ونگ کی رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کراچی میں جاری گیس بحران کا فوری نوٹس لیا جائے اور سوئی گیس کمپنی سے طویل لوڈشیڈنگ، کم پریشر اور مختلف علاقوں میں گیس کی عدم فراہمی کی وجوہات کے بارے میں جواب طلب کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو گیس کی فراہمی میں مسلسل رکاوٹ کی اصل وجوہات اور مسئلے کے مستقل حل کیلئے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا جائے۔ حکومت محض بیانات کے بجائے عملی ریلیف فراہم کرے، کیونکہ کراچی جیسے معاشی مرکز میں بنیادی سہولیات کی مسلسل عدم فراہمی شہریوں کیلئے ناقابل برداشت ہوتی جارہی ہے۔