گورنر سندھ سے آسٹریا کے اعزازی قونصل جنرل کی ملاقات، پاک آسٹریا تجارتی و اقتصادی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال

بدھ 30 ستمبر 2026 23:12

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2026ء) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے آسٹریا کے اعزازی قونصل جنرل ڈاکٹر حسین اسلام نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی اورپاکستان اور آسٹریا کے باہمی تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعائون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ۔بدھ کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں آسٹرین آرٹسٹس Robert Pawlikاور Ms. Michaela Rabitschسمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی جبکہ الحمد انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل کی سی ای او توشنا پٹیل اور گورنر کے پرنسپل سیکریٹری ڈاکٹر سید سیف الرحمن اور دیگر بھی موجودتھے۔

ملاقات میں کراچی میں غیر ملکی سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات کو ہر ممکن سہولیات اور تعائون فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ موسیقی کی کوئی سرحد نہیں ہوتی، یہ دلوں اور ثقافتوں کو ایک دوسرے سے جوڑتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مختلف مذاہب، زبانوں اور ثقافتوں کا حسین امتزاج ہے، جہاں مختلف ممالک اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے لوگ امن و سکون کے ساتھ رہتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ موسیقی مختلف قوموں اور ثقافتوں کے درمیان محبت، ہم آہنگی اور دوستی کو فروغ دینے کا خوبصورت ذریعہ ہے۔اس موقع پر آسٹریا کے اعزازی قونصل جنرل ڈاکٹر حسین اسلام نے کہا کہ پاکستان اور آسٹریا کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔آسٹرین آرٹسٹ Robert Pawlikنے کہا کہ پاکستانی عوام کی شاندار مہمان نوازی اور لذیذ کھانوں نے ہمیں بے حد متاثر کیاہے۔Ms. Michaela Rabitschنے کہا کہ پاکستان کی ثقافت، لوگوں کی محبت اور مہمان نوازی ہمارے لیے یادگار تجربہ ہے، ہم دوبارہ بھی پاکستان آنا چاہیں گے۔