بوسنیا میں حکومت مخالف مظاہرے جاری، سرکاری عمارت نذرِ آتش کر دی گئی

اتوار 9 فروری 2014 07:49

سارا ڑیوو (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9فروری۔2014ء)بوسنیا ہیزوگوینا میں مظاہرین نے چند حکومتی عمارتوں کو آگ لگا دی ہے۔ 1992-95 کے بعد سے یہ ملک میں جاری بدترین کشیدگی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق گذشتہ تین روز سے ملک کے مخلتف حصوں میں سینکڑوں افراد مظاہرے کر رہے ہیں۔ ان مظاہروں کی وجہ ملک میں بڑھتی ہوئی بے روز گاری اور سیاستدانوں میں بے روزگاری کے حل کے لیے صلاحیتوں کی کمی بتائی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

دارالحکومت سارا ڑیوو اور شمالی قصبے توزلہ میں پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ربڑ کی گولیاں اور آنسو گیس استعمال کی۔ سارا ڑیوو میں ایوانِ صدر سے دھوئیں کے کالے بادل اٹھتے دکھائی دے رہے ہیں۔مقامی اخبار کے مطابق پولیس نے ایوانِ صدر پر پتھراوٴ کرنے ہوئے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پانی کا بھی استعمال کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق کچھ لوگوں نے ایوان صدر میں گھسنے کی کوشش بھی کی ہے۔