کول پاور پلانٹ میری نعش سے گزرکر ہی بنایا جا سکتا ہے،جمشید دستی ،ضلع کچہری چوک مظفر گڑھ پر احتجاجی دھرنا،بھوک ہڑتال ،اس ضلع میں تھرمل پاور اسٹیشن ،اے ای ایس لعل پیر،پارکو گجرات ،کیسکو کوٹ ادو کام کررہے ہیں جس سے علاقے میں ماحولیاتی آلودگی پھیل رہی ہے،مقررین سے خطاب

اتوار 9 فروری 2014 07:49

مظفر گڑھ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9فروری۔2014ء)وفاقی حکومت کی طرف سے مظفر گڑھ کے نواحی موضع سدن والی میں مجوزہ تھرکول پاور پلانٹ کی تعمیر کے خلاف علاقے کے متاثرین کے ہمراہ آزاد رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے ہفتہ کے روز ضلع کچہری چوک مظفر گڑھ پر احتجاجی دھرنا دیا اور بھوک ہڑتالی کیمپ لگایا جس سے خطاب کرتے ہوئے جمشید دستی نے پنجاب اور وفاقی حکومتوں اور مسلم لیگ (ن)کی قیادت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مظفر گڑھ کے عوام کو ن لیگ کے ووٹ نہ دینے کی سزا دی جارہی ہے ۔

اس ضلع میں پہلے ہی تھرمل پاور اسٹیشن مظفر گڑھ ،اے ای ایس لعل پیر،پارکو گجرات ،کیسکو کوٹ ادو کام کررہے ہیں جن سے ضلع بھر میں نہ صرف ماحولیاتی آلودگی پھیل رہی ہے بلکہ ضلع کے لوگ کینسر،اندھا پن اور دیگر مہلک بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

جمشید دستی کا کہنا تھا کہ اس ضلع کے غریب عوام کو موت کے منہ میں دھکیلنے کے لئے حکومتی اقدامات کی وجہ سے وہ شدید مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کول پاور پلانٹ ان کی نعش پر سے گزر کر ہی وزیراعلی پنجاب بنوا سکتے ہیں۔اس خطے کے عوام کو حکمران اکیلا نہ سمجھیں۔ابھی جمشید دستی زندہ ہے ۔جماعت اسلامی کے امیر رانا محمد افضل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع مظفر گڑھ سے500 میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے لیکن اس ضلع کے عوام سہولیات اورمراعات سے محروم ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت تونسہ بیراج پر پن بجلی گھر کیوں نہیں بناتی اور کالا باغ ڈیم بنا کر تھرمل پاور پلانٹ سے جان چھڑوا سکتی ہے لیکن اسے سیاسی رنگ دے کر یہ بات بند کر دیا گیا ہے جو قابل مذمت ہے ۔احتجاجی دھرنا سے چوہدری محمد عامر کرامت ،ملک غلام یاسین اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :