خیبر پختونخوا حکومت نے دھماکہ خیز مواد کا سراغ لگانے کیلئے لاکھوں روپے کے جاسوس کتے خرید لئے،ماہرین تیار نہ کر سکی،مزید کتوں کی خریداری کا سلسلہ روک دیا گیا

اتوار 9 فروری 2014 07:47

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9فروری۔2014ء)خیبر پختونخوا کی حکومت دھماکہ خیز مواد کا سراغ لگانے کیلئے لاکھوں روپے کے جاسوس کتے لینے میں کامیاب ہوگئی مگر ماہر تیار نہ کر سکی جس پر مزید کتوں کی خریداری کا سلسلہ روک دیا گیا۔

(جاری ہے)

میڈیا اطلاعات کے مطابق صوبائی حکومت نے اقتدار میں آنے کے فوری بعد دھماکہ خیز مواد کا سراغ لگانے کیلئے جاسوس کتے خریدنے کافیصلہ کیا تھا اور اس پر نومبر میں95لاکھ روپے کی لاگت سے 19کتے خریدے گئے مگر انہیں چلانے کیلئے ماہرین دستیاب نہیں ہو سکے کیونکہ 60ماہرین کی اسامیاں طویل عرصہ سے خالی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق ماہرین دستیاب نہ ہونے کے باعث ان کتوں کو عام اہلکاروں کے حوالے کر دیا گیا ہے جو ان کی دیکھ بھال کر رہے ہیں لیکن ماہرین دستیاب نہ ہونے کے باعث حکومت ان سے کوئی خاطر خواہ فائدہ نہیں اٹھاسکی اس پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ مزید کتے فی الحال نہیں خریدے جائیں گے جبکہ پہلے 40کتے خریدنے کا پروگرام بنایا گیا تھا۔