متحدہ عرب امارات میں تین مبینہ قطری جاسوس گرفتار

جمعرات 10 جولائی 2014 07:09

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9جولائی۔2014ء)متحدہ عرب امارات میں حکام نے تین قطری شہریوں کو جاسوسی کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے اور ان سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔اماراتی اخبار الخلیج نے قطری روزنامے العرب میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کی بنیاد پر بتایا ہے کہ ان تینوں کو یو اے ای کے دارالحکومت ابوظہبی میں گرفتار کیا گیا ہے اور انھیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ''یہ تینوں افراد قطری انٹیلی جنس کے اہلکار تھے اور یو اے ای کی سرزمین پر سراغرسانی کا کام کر رہے تھے۔ اب گرفتاری کے بعد ان سے تحقیقات کی جارہی ہے''۔واضح رہے کہ قطر اور اس کی پڑوسی تین خلیجی ریاستوں سعودی عرب ،متحدہ عرب امارات اور بحرین کے تعلقات میں سرد مہری پائی جاتی ہے اور مارچ میں ان تینوں ممالک نے دوحہ میں تعینات اپنے سفیروں کو واپس بلا لیا تھا۔

(جاری ہے)

ان تینوں ممالک نے قطر پر اپنے داخلی امور میں مداخلت اور اخوان المسلمون کی حمایت کا الزام عاید کیا تھا۔اخوان المسلمون کو مصر نے گذشتہ سال دسمبر میں دہشت گرد تنظیم قراردے دیا تھا اور اس کے بعد سعودی عرب نے بھی اخوان کو دہشت گرد قرار دے دیا تھا اور اب اس جماعت کے وابستگان کے خلاف مصر کے علاوہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں کریک ڈاوٴن کیا جارہا ہے اور اس کے سیکڑوں کارکنان کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔