سپریم کورٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے انتخابات اور الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے حوالے سے اٹارنی جنرل آف پاکستان کو 24 گھنٹے کی مہلت دے دی، پاکستان کرکٹ بورڈ کو آخر کب تک ایڈہاک ازم پر چلایا جاتا رہے گا‘ اس کے انتخابات کیوں نہیں کروائے جارہے‘ آئین و قانون کی پاسداری ہوگی تو معاملات سدھریں گے،جسٹس ثاقب نثار

جمعرات 10 جولائی 2014 07:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9جولائی۔2014ء) سپریم کورٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے انتخابات اور الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے حوالے سے اٹارنی جنرل آف پاکستان کو 24 گھنٹے کی مہلت دے دی‘ جسٹس ثاقب نثار نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس د ئیے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو آخر کب تک ایڈہاک ازم پر چلایا جاتا رہے گا‘ اس کے انتخابات کیوں نہیں کروائے جارہے‘ آئین و قانون کی پاسداری ہوگی تو معاملات سدھریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ ریمارکس بدھ کے روز دئیے جبکہ کیس کی سماعت جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کی۔ اس دوران اٹارنی جنرل آف پاکستان سلمان بٹ عدالت میں پیش ہوئے اور انہوں نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ آج ہی پاکستان کرکٹ بورڈ کے انتخابات کے شیڈول کا اعلان اور الیکشن کمشنر کی تعیناتی کا فیصلہ کرکے نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا‘ عدالت صرف 24 گھنٹے کی مہلت دے دے اس پر جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ آپ کب تک پی سی بی کو ایڈہاک ازم پر چلاتے رہیں گے اس پر اے جی نے کہا کہ صرف تھوڑا سا وقت دے دیں اس پر عدالت نے سماعت ملتوی کرتے ہوئے (آج) جمعرات تک کا وقت دے دیا۔